محترم عالی جناب حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب کی شرکت، ملت کے اہم مسائل پر تبادلہ خیال و ہدایت
حیدرآباد 9/ جون(مشرقی آواز جدید): جمیعت علماء گریٹر حیدرآباد کے زیر اہتمام بمقام جامع مسجد النور حافظ بابا نگر میں مجلس منتظمہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ حضرت مولانا قاری عبدالباری صاحب دامت برکاتہم نے قرأت کلام پاک سے اجلاس کا آغاز فرمایا، مولانا انصار انور صاحب نے ہدیہ نعت پیش کیا۔
حضرت مولانا سید نذیر احمد یونس صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے افتتاحی کلمات کے بعد اجلاس کی کارروائی اور کارکردگی رپورٹ حاضرینِ مجلس کے سامنے پیش کی، نیز حلقوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیاگیا ، تقریباً تمام حلقوں میں جمعیت کے مختلف شعبہ جات میں قابل قدر خدمات انجام دئیے گئے۔
اس موقع پر حضرت مولانا سید نذیر احمد یونس صاحب قاسمی نے کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے جمیعت کے استحکام پر خاص زور دیا۔
ایس آئی آر کے باقی مراحل کی تکمیل تک تندہی کے ساتھ کام میں لگے رہنے کی اپیل کی تمام ذمہ داران سے خواہش کی گئ کہ تنظیمی کیلنڈرکے طے شدہ شیڈول کے مطابق اپنے اپنے حلقوں میں باقاعدگی سے میٹنگ کا انعقاد کریں تاکہ کام کی رفتار سست نہ ہو مزید اس جانب بھی توجہ دلائی کہ اپنے حلقوں کے واٹس ایپ گروپ کو منظم کریں غیر جمعیتی پوسٹس سے ان گروپوں میں احتراز کریں ۔
نیز اجلاس میں یکم محرم الحرام سے 10 صفر المظفر تک "40 روزہ عظمتِ صحابہ و اہلِ بیتِ اطہار” مہم چلانا طے کیا گیا۔ اس مہم کا بنیادی مقصد عوام الناس کے سامنے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور اہل بیت اطہار علیہم الرضوان کی مقدس زندگیوں، ان کی قربانیوں اور دین کے لیے ان کی خدمات کو درست انداز میں اجاگر کرنا ہے۔
اجلاس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر حرکیاتی شخصیت محترم عالی جناب حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب نے شرکت فرمائی۔ آپ نے اپنے خطاب میں جمعیت علماء کی خدمات اور کارناموں پر روشنی ڈالی۔ نیز آپ نے تمام کارکنان اور ذمہ داران کو اپنے متعلقہ حلقوں میں جمعیت کے پیغام اور کام کو مزید مستحکم کرنے کی جانب توجہ دلائی۔
صدرِ محترم حضرت مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب دامت برکاتہم نے صدارت فرمائی، اور حاضرین کو انتہائی قیمتی، جامع اور مختصر نصیحتوں سے نوازا۔ حضرت مولانا اعجاز الدین صدیقی صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے تمام شرکاء کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا، اور آپ کی دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔
اس موقع پر جمعیت علماء گریٹر حیدرآباد کے صدور معتمدین اور معزز اراکین منتظمہ نے کثیر تعداد میں شرکت فرمائی۔
حضرت مولانا اعجاز الدین صدیقی صاحب اور اراکین جمیعت علماء حلقہ چندرائن گٹہ نے بہترین انتظامات فرماۓ۔۔۔
