• مرحوم سنجو کمار کے پسماندگان کو فوری معاوضہ فراہم کرنے کے مطالبے کو لے کر نکالا پدیاترا۔
  • احتجاجی مارچ کی قیادت آل انڈیا بہوجن سماج پارٹی کے ضلعی جنرل سکریٹری رمیش گتیدار نے کی
منااکھیلی۔ 7/اگست (عبدالقدیر لشکری): بیدر جنوب اسمبلی حلقہ کے بمبڑگی دیہات کے رہائشی مرحوم سنجو کمار کے پسماندگان کو فوری معاوضہ فراہم کرنے کے مطالبے کو لے کر منااکھیلی دیہات سے بیدر کے امبیڈکر سرکل تک ایک احتجاجی پد یاترا (پیدل مارچ) کا باضابطہ آغاز کیا گیا ہے۔ اس احتجاجی مارچ کی قیادت آل انڈیا بہوجن سماج پارٹی کے ضلعی جنرل سکریٹری رمیش گتیدار نے کی تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل بمبڑگی دیہات کے نوجوان سنجو کمار تالمڑگی دیہات کے قریب نیشنل ہائی وے 65 پر موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کے اچانک گلے میں پتنگ کا خطرناک مانجھا (دھاگہ) پھنس گیا مانجھے کی زد میں آنے سے ان کا گلا کٹ گیا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔
پد یاترا کے آغاز پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی کے ضلعی جنرل سکریٹری رمیش گتیدار نے ریاستی حکومت اور مقامی انتظامیہ کو کڑے ہاتھوں لیا انہوں نے کہا کہ اس ہولناک حادثے کے بعد ریاستی وزیر ایشور کھنڈرے نے متاثرہ غریب خاندان سے ملاقات کی تھی اور انہیں جلد سے جلد معاوضہ دلانے کا پختہ یقین دلایا تھا۔ لیکن انتہائی افسوس کا مقام ہے کے سات ماہ کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود اب تک اس متاثرہ خاندان کو کسی قسم کی مالی امداد فراہم نہیں کی گئی ہے۔
رمیش گتیدار نے مقامی ایم ایل اے ڈاکٹر شیلیندر بيلداڑے پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندے اور مقامی انتظامیہ اس انتہائی حساس اور انسانی معاملے پر مجرمانہ غفلت اور امتیازی سلوک برت رہے ہیں مظاہرین نے ضلع انتظامیہ اور عوامی نمائندوں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کے وہ فوری طور پر نیند سے جاگیں اور مرحوم سنجو کمار کے خاندان کو انصاف فراہم کرتے ہوئے معاوضے کی رقم جاری کریں لوگوں نے واضح الفاظ میں وارننگ دی کہ اگر اب بھی تاخیری حربے بند نہ کیے گئے اور معاوضہ جاری نہ ہوا تو آنے والے دنوں میں اس تحریک کو پورے ضلع میں بڑے پیمانے پر تیز کیا جائے گا۔
اس موقع پر بمبڑگی اور آس پاس کے دیہاتوں کے سرکردہ لیڈران کے علاوہ پٹراج ریکوڑگی، ویرشیٹی، لالپا رامپور، بسواراج سونڈی، پرساد ، پرکاش بگدل، سندیپ نرسنگ، شری کانت، سبھاش، انیل  سمیت بڑی تعداد میں مقامی عوام اور کارکنان موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے