’’حیوانات فی القرآن الکریم‘‘ کے اجرا کے ساتھ ’’نباتاتِ قرآن‘‘ اور ’’نباتاتِ الطبِ نبوی‘‘ کے نئے ایڈیشن بھی جاری

لکھنؤ، (پریس ریلیز): اردو سائنٹفک سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ممتاز سائنس داں ڈاکٹر اقتدار حسین فاروقی کی تصنیف ’’حیوانات فی القرآن الکریم‘‘ کے اجرا اور ’’نباتاتِ قرآن‘‘ و ’’نباتاتِ الطبِ نبوی‘‘ کے نئے ایڈیشن کی تقریب عارف اپارٹمنٹ، نیو حیدرآباد، لکھنؤ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت سابق کارگزار وزیرِ اعلیٰ اور آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے کی۔
تقریب میں چیئرمین اسلامک سنٹر آف انڈیا مولانا خالد رشید فرنگی محلی، چانسلر انٹیگرل یونیورسٹی پروفیسر سید وسیم اختر، وائس چانسلر ایرا میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عباس علی مہندی، ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر رشید فاروقی اور دیگر علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔ ڈاکٹر رشید فاروقی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
’’حیوانات فی القرآن الکریم‘‘ میں قرآنِ کریم میں مذکور حیوانات کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے ان کی اہمیت اور انسان سے ان کے تعلق کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ڈاکٹر اقتدار حسین فاروقی کی معروف تصانیف ’’نباتاتِ قرآن‘‘ اور ’’نباتاتِ الطبِ نبوی‘‘ بھی منظرِ عام پر آچکی ہیں، جن میں قرآنی نباتات کا تفصیلی تعارف، سائنسی معلومات اور طبِ نبوی سے متعلق اہم مواد شامل ہے۔ ان تصانیف کو اپنے موضوع پر نایاب اور قابلِ قدر علمی سرمایہ قرار دیا گیا۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے اپنے صدارتی کلمات میں ڈاکٹر اقتدار حسین فاروقی کی بیش قیمت سائنسی، علمی اور تحقیقی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قرآنِ کریم سے متعلق سائنسی معلومات اردو اور انگریزی میں آسان اور عام فہم زبان میں پیش کی ہیں، جو سائنسی علوم کے میدان میں ایک اہم اضافہ ہے۔ ان کی تصانیف کے ذریعے قرآنِ کریم میں مذکور نباتات، الطبِ نبوی اور حیوانات کے بارے میں مفید اور تحقیقی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروقی کی علمی خدمات نئی نسل کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے کام کو وسیع پیمانے پر عوام تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر رضوی نے اعلان کیا کہ ان کی علمی و سائنسی خدمات کے اعتراف میں بہت جلد ایک عوامی استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے بھی ڈاکٹر فاروقی کی خدمات کو سراہا۔ مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ ڈاکٹر اقتدار حسین فاروقی کی علمی و سائنسی خدمات کا اعتراف ملک کے ممتاز علما اور ادبا پہلے ہی کرتے رہے ہیں، تاہم ان کی کاوشوں کو عوامی سطح پر متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
پروفیسر سید وسیم اختر نے ڈاکٹر فاروقی کی قرآنی و سائنسی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی تصانیف کے ذریعے قرآنِ کریم کے مختلف موضوعات کو عام فہم انداز میں سمجھنے میں اہم مدد فراہم کی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر عباس علی مہندی نے کہا کہ ڈاکٹر اقتدار حسین فاروقی نے اپنی تصانیف کے ذریعے قرآنی علوم کو سمجھنے میں قابلِ قدر علمی معاونت فراہم کی ہے۔ نباتات اور الطبِ نبوی سے متعلق ان کی فراہم کردہ معلومات نایاب اور قیمتی ہیں۔
ڈاکٹر سلطان شاکر ہاشمی نے کہا کہ ڈاکٹر فاروقی نے اپنی تصانیف کے ذریعے قرآنی علوم کو اردو اور انگریزی میں پیش کیا، جبکہ اردو سائنٹفک سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے اہم موضوعات پر سیمینار منعقد کرکے عوام میں سائنسی شعور بیدار کیا اور انہیں قرآن فہمی کی طرف متوجہ کیا، جو قابلِ ستائش ہے۔تقریب میں ڈاکٹر فرید زبیری، شیخ افضل علی، محمد انصر علی اور انور فاروقی نے بھی شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے