وجئے واڑہ 15/ستمبر(مشرقی آواز جدید): جمعیت علماء وجئے واڑہ کے زیر اہتمام ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں شہر و منڈلوں سے بڑی تعداد میں علماء کرام اور جمعیت کے ذمہ داران نے شرکت کرکے استفادہ کیا۔
اس موقع پر جمعیت علماء آندھرا پردیش کے ریاستی نائب صدر مولانا حسین احمد مظاہری صاحب کو آندھرا پردیش وقف ٹریبونل کا رکن بننے پر شہری و ضلعی ارکان کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔ یہ تہنیت حضرت مولانا محمد الیاس صاحب جامعی، شیخ الحدیث جامعہ نور الہدیٰ و ناظم اعلیٰ جمعیت علماء نیلور کے دستِ مبارک سے پیش کی گئی۔
علماء و ذمہ داران نے مولانا حسین احمد مظاہری صاحب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان سے وقف املاک کے تحفظ، نگہداشت اور جائز حقوق کی حفاظت کا کام لے اور اس اہم ذمہ داری کو احسن طریقے سے انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
ورکشاپ میں حضرت مولانا محمد الیاس صاحب جامعی نے جمعیت علماء کے مختلف شعبہ جات، تنظیمی ذمہ داریوں اور خدمات کے حوالے سے نہایت جامع اور مفصل خطاب فرمایا۔ شرکائے ورکشاپ نے خطاب سے بھرپور استفادہ کیا۔
مولانا محترم نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ جمعیت علماء سے وابستہ مختلف شعبہ جات کو قومی صدر جمعیت علماء ہند مولانا محمود مدنی صاحب دامت برکاتہم کی نگرانی میں ملک بھر میں منظم اور مربوط انداز سے چلایا جا رہا ہے۔
پروگرام میں شہر و ضلع کے اہم عہدیداران و علماء کرام، مفتی سید عبد الرحیم قاسمی، مفتی سالار عبد اللہ قاسمی، مفتی عرفان اسعدی، مفتی عبید الرحمن قاسمی، مولانا امیر الحق رحمانی، مولانا عبد الستار خان رشادی، قاضی امان اللہ بیگ اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ جمعیت علماء کی دینی، ملی، سماجی اور فلاحی خدمات کو قبول فرمائے اور تمام ذمہ داران کو اخلاص و استقامت کے ساتھ خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔۔۔
