بیدر۔ 24؍ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): ضلع بیدر کا نیاتعلقہ’’ ہلسور‘‘ مستقرکے وارڈ نمبر 3کے رہائشی عبدالمجاہدجہانگیر ولدعبداللطیف (36سالہ) برقی شاک لگنے سے پیر کو فوت ہوگئے۔ اناللہ واناالیہ راجعون ۔ تفصیلات کے بموجب ان کے گھر میں کرنٹ اُتر آیاتھا۔ پہلے بیگم ، پھربچوں کو جھٹکا لگا ۔ اس کے فوری بعد جناب عبدالمجاہد عبداللطیف نے نیچے پڑے ہوئے سرویس وائر کو اٹھاکر اوپر رکھنا چاہاتو سرویس وائر نے انھیں اپنی طرف کھینچ کر ایک خطرناک جھٹکا دیا اور وہ نیچے گرگئے۔ فوری طورپر انہیں تعلقہ بسواکلیان کے پاٹل اسپتال لے جایاگیا۔
ذرائع کے بموجب جہاں ڈاکٹر نے کہہ دیاکہ مجاہد عبداللطیف انتقال کرچکے ہیں۔ان کے بڑے بھائی کے مطابق سرکاری دواخانہ ہلسور لایاگیاجہاں پوسٹ مارٹم کیاگیا۔ اور آج منگل کی صبح 10:30بجے دن ہلسورکی درگاہ قاسم علی شاہ کے چبوترے پر نماز جنازہ اداکی گئی جبکہ ہلسور عیدگاہ سے متصل قبرستان میں ان کی تدفین عمل میں آئی۔ان کی تدفین میں محکمہ جسکام کے ذمہ داران اور کانگریسی قائد وجے سنگھ بھی شامل رہے۔
پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہیں۔ سب سے بڑ ے لڑکے کی عمر 10سال ہے۔ پیشہ سے عبدالمجاہد لاری ڈرائیور تھے اور ہلسور میں ہی لاری چلایاکرتے تھے۔ ان کے لواحقین نے حکومت سے فوری تعاون کی اپیل کی ہے۔ 8050231119پررابطہ کیاجاسکتاہے۔ پولیس اسٹیشن ہلسور میں کیس درج کرلیاگیاہے۔ اس بات کی اطلاع جناب محمد نظام الدین نے دی ہے۔
