یومِ سرسید سے ڈاکٹر عبدالقادر فاروقی، ڈاکٹر ایم۔ جی گھوڑے سوار اور ڈاکٹر سید علیم اللہ حسینی کا خطاب
بیدر۔ 30؍اکٹوبر (محمدیوسف رحیم بیدری): شعبۂ اردو انجمن ڈگری کالج بیجاپور میں یومِ سر سید کا انعقاد عمل میں آیا اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبد القادر فاروقی،حال مقیم امریکہ نے اپنے اظہارِ خیال میں کہا کہ اردو زبان و ادب کی تاریخ میں سر سید احمد خاں کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔سر سید احمد خاں کا شمارہندوستان کی عہد ساز شخصیتوں میں ہوتا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں ہندوستان کو اپنے جن مایہ ناز سپوتوں پر فخر ہے ان میں ایک نام سر سید احمد خاںکا بھی ہے۔ موصوف نے اپنی پوری زندگی ملّت کے کاموں کے لئے وقف کردی۔ اس کے بعد ڈاکٹر سید علیم اللہ حسینی، صدر شعبہ ء اردو نے اپنے اظہارِ خیال میں کہا کہ علی گڑھ تحریک کے روحِ رواں سر سید احمد خاںاپنے عہد کے بڑے مجدد، مصلح اور مدبر تھے۔ سر سید احمد خاںکی بے لوث کاوش اور جانفشانیوں کا ثمر آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی شکل میں کھڑا ہے جس سے بہرہ مند ہو کر ہر سال بیشمار فرزندان علی گڈھ مختلف میدانوں میں اپنی نمایاں خدمات انجام دیتے ہیں۔جناب عبد النبی جمعدارنے کہا کہ سر سید احمد خاں کے کارناموں کی فہرست لمبی ہے ،اردو زبان و ادب سے ان کی دلچسپی سب سے زیادہ رہی ۔انہوں نے نہ صرف اردو زبان کی حفاظت کی بلکہ اسے غیر معمولی ترقی دے کر اردو و ادب کے نشو ونمادار تقا میں نمایاں حصہ لیا۔
صدرِ اجلاس ڈاکٹر ایم۔جی۔گھوڑے سوار نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا’’سرسیداحمد خاں کا تذکرہ متعدد پہلووں سے کیا جاسکتا ہے، بحیثیت ایک قوم و ملت کے وفادار خادم، ہند و مسلم اتحاد کے ایک عظیم علم بردار، ایک ماہر تعلیم، انقلاب آفریں شخصیت، دیانت دار اور کہنہ مشق صحافی ممتاز اردو ادیب، مورخ، نامور خطیب،عمدہ ایڈیٹر، باکما ل مصنف، بے لوث ترجمان قوم و ملت، کے ساتھ ساتھ غریبوں ودکھیاروں کا ایک سچامسیحاوہ تھے۔صدرِ اجلاس و مہمانان خصوصی کا تعارف و استقبال محترمہ محسنہ جاگیردار، لکچرار شعبہ ء اردو نے کیا۔ اس اجلاس کا آغاز عاقب رضاحکیم کی قرأت کلام اللہ سے ہوا۔ فرحت جہاں پٹھان بی اے نے نظامت کے فرائض بہ حسن و خوبی انجام دی۔ اس بات کی اطلاع کالج کے ذرائع نے دی ہے۔
