میراتھن کا لوگو ڈاکٹر ریشماں کورنے جاری کیا

بیدر۔ 12؍نومبر (محمدیوسف رحیم بیدری): محترمہ نلنی ڈی جی پرنسپل گرو نانک پبلک سکول بیدرکی اطلاع کے بموجب گرو نانک پبلک اسکول 1975 میں شروع ہوا اوردوماہ بعد یعنی 12؍ جنوری 2025 کو اس اسکول کے 50 سال مکمل ہوں گے۔ ادارہ کی جانب سے آنے والے سال کے پہلے مہینے یعنی 12؍جنوری کو بیدر میراتھن کا انعقاد کیا گیا ہے اور اس میراتھن میں 5 ہزار سے زائد ایتھلیٹس کے شرکت کرنے کا امکان ہے۔ اس میں اسکول کے 1500 سے زائد سابق طلباء شرکت کریں گے۔جس کے لئے میراتھن کو چار زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گرو نانک ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ کی نائب چیرپرسن ڈاکٹر ریشما کور نے شہر کے گرو نانک پبلک اسکول کے آڈیٹوریم میںبیدر میراتھن کا لوگو جاری کیا اورخطاب کیاکرتے ہوئے کہا کہ گورو نانک تعلیمی ادارہ صرف 120 بچوں سے شروع ہوا تھا اور آج اس سکول میں 6 ہزار سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، یہ ضلع بیدر کے لیے فخر کی بات ہے۔ اسکول کی ترقی میں سردار جوگا سنگھ کا رول بہت اہم ہے۔ ایک وقت تھا جب بیدر ضلع کو پسماندہ ضلع کہا جاتا تھا۔ لیکن آج یہ ضلع تعلیمی مرکز میں تبدیل ہو چکا ہے جو کہ ضلع کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں گرو نانک اسکول کا تعاون بہت زیادہ ہے۔

اسکول کی گولڈن جوبلی کے موقع پر اسکول کی جانب سے بیدر میراتھن میں حصہ لینے والے بچوں کو ٹی شرٹ، گڈی بیگ، میڈل، سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا جارہا ہے۔ مزید یہ کہ میراتھن ضلع بیدر کو ایک بہترین سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے میں مدد کرے گی۔ ضلع کا دورہ کرنے والے قومی سطح کے کھلاڑی یہاں کے مٹھ، مسجد، مندر، گردوارہ اور مذہبی مقامات کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح اسکول کی جانب سے ہر سال میراتھن کا انعقاد کرناہمارامقصد ہے۔گرو نانک اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں طلباء طب، انجینئرنگ، تدریس سمیت مختلف پیشوں میں مشہور ہوئے ہیں۔ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی خدمات انجام دینا ہمارے اسکول کی عظمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈاکٹرریشماکور نے کہا کہ ہمارے تعلیمی ادارے میں نہ صرف تعلیم بلکہ اچھی اقدار بھی طلبہ میں منتقل کی جارہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے