سری نگر جنوری// وادی کشمیر کے سیاحتی مقامات پر تازہ برف باری کے بیچ غیر مقامی سیاحوں کی بڑی تعداد کو یہاں کے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جارہا ہے۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات جیسے گلمرگ، پہلگام وغیرہ سے لے کر شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر سیاح شدید سردی کی کوئی پرواہ کئے بغیر گرم لباس میں ملبوس یہاں کے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ ان سیاحوں کا کہنا ہے کہ کشمیر کی خوبصورتی ہر موسم میں دیکھنے کے لائق ہے۔ دہلی سے تعلق رکھنے والے معروف سیاح زبیر خان سعیدی کا کہنا ہے کہ کشمیر کی خوبصورتی ہر موسم میں قابل دید ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں موسم بہار میں یہاں کے سر سبز و شاداب جنگل و چراگاہیں، پانی سے بھرے جھیل جھرنے اور آبشار اپنی خوبصورتی کی مثال آپ ہوتے ہیں وہیں موسم سرما میں یہاں کے برف پوش پہاڑ بھی خوبصورتی میں عدیم المثال ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں صبح کے وقت جھیل ڈل کا نظارہ اس قدر پر کیف ہوتا ہے کہ ایک انسان اسی میں کھو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گو کہ رات کو سردی زیادہ ہی تیز ہوتی ہے لیکن گرم لباس پہننے اور ہوٹلوں میں بھی گرمی کا خاطر خواہ انتظام ہوتا ہے تو کوئی پریشانی نہیں ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں گرمیوں کے دوران جو روایتی غذا کھانے کو ملتا ہے وہ نہ صرف لذیذ ہوتا ہے بلکہ موسم کے موافق بھی ہوتا ہے۔
