دار العلوم دیوبند سے مربوط مدارس اپنی سند ارتباط کی تجدید کرالیں ورنہ ان کا رابطہ دار العلوم دیوبند سے منقطع ہو جائے گا: مفتی اشفاق احمد قاسمی
مہراجگنج: جامعہ عربیہ صادقیہ جامع مسجد لوہیا نگر نگر پالیکا پریشد شہر مہراج گنج کے بسمل نگر وارڈ نمبر22، دار القرآن جدید میں رابطہ مدارس اسلامیہ مشرقی زون نمبر 2 کے اجلاس میں صدر رابطہ مدارس اسلامیہ مفتی اشفاق احمد قاسمی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس زون میں تقریبا 120 مدارس مربوط ہیں۔ دار العلوم دیوبند اپنے مربوط مدارس کے نظام تعلیم کو مستحکم کرنے کے لئے منظم طور پر لائحہ عمل تیار کیا ہے اور کوشش کررہا ہے کہ اجتماعی امتحان سالانہ درجہ حفظ و عربی کا کرایا جائے جس کے لئے دار العلوم دیوبند کی طرف سے مفتی اشفاق احمد قاسمی مشرقی زون کے اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں آج مہراج گنج کے مدرسہ جامعہ عربیہ صادقیہ میں حاضری ہوئی جس میں دیوریا، کشی نگر، گورکھپور، مہراج گنج اضلاع کے دار العلوم دیوبند سے مربوط اور غیر مربوط مدارس کے ذمہ داروں نے حصہ لیا اور اجتماعی امتحان سالانہ کے نظام کو منظوری دیتے ہوئے کہا کہ دار العلوم دیوبند کا یہ قدم قابلِ تحسین ہے، ہم سب اس نظام کے تحت منظم ہیں۔
مولانا اشفاق احمد قاسمی نے کہا کہ مدارس کے ذمہ داروں کو چاہیے کہ اس نظام کے تحت اپنے مدرسہ کو زیادہ سے زیادہ مربوط کریں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جو مدرسہ گرانٹ ان ایڈ ہیں ان کا رابطہ دارالعلوم دیوبند سے نہیں ہوسکے گا اور نہ ہی وہ مدارس جو نسواں کہلاتے ہیں، ان کا رابطہ بھی دار العلوم دیوبند سے نہیں ہوسکے گا۔ جو مدارس پہلے سے مربوط ہیں ان کو چاہیے کہ جدید طور پر اپنا رابطہ دار العلوم دیوبند سے مربوط کرالیں اور نئی سند ارتباط حاصل کرلیں ورنہ ان کا رابطہ دار العلوم دیوبند سے منقطع سمجھا جاۓ گا۔
نصاب میں یکسانیت کے سلسلہ میں مفتی اشفاق احمد قاسمی نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں، امید ہے کہ آئندہ سال اس پر قابو پالیں گے اور پھر عربی درجات کے اجتماعی امتحان سالانہ کرایا جائے گا جبکہ درجہ حفظ کے اجتماعی امتحان گزشتہ سال بھی ہوئے اور امسال بھی انشاء اللہ کرائے جائیں گے، جس کے لئے ہر ضلع میں 200/بچوں پر مشتمل سینٹر کا قیام کیا جائے گا جس کے لئے جامعہ عربیہ صادقیہ مہراج گنج کے پرنسپل مولانا شبیر احمد قاسمی کو ذمہ دار بنایا گیا ہے۔ دار العلوم دیوبند یہ بھی چاہتا ہے کہ پرائمری درجات میں قرآن پڑھانے کے لئے قاری کا تقرر ہو تاکہ درجہ حفظ میں ناظرہ پڑھنے میں جو وقت لگتا ہے اس سے بچا جاسکے، اس کے لئے ممتحنین اور اساتذہ کے تربیتی نظام کو جلد ہی شروع کیا جائے گا۔

مفتی اشفاق احمد قاسمی صدر مدارس اسلامیہ مشرقی زون نمبر 2 دار العلوم دیوبند کی آمد پر جامعہ کے طلباء نے مولانا نظام الدین کی سربراہی میں گل پوشی کرکے استقبال کیا۔ جامعہ کے ناظم مولانا محمد اطہر صدیقی قاسمی نے شال اوڑھا کر مفتی اشفاق احمد قاسمی کا استقبال کیا، جامعہ کے پرنسپل مولانا شبیر احمد قاسمی نے مولانا قمر الحسن اور مولانا ذبیح اللہ، مولانا محمد احمد دار الایمان گورکھپور کا استقبال کیا۔ جامعہ کے متعلم زید نے نعت پاک پیش کرکے مجلس کو پر رونق بنایا جبکہ کشی نگر کے قاری ارشاد احمد اور جامعہ صادقیہ کے متعلم وسیم احمد نے تلاوتِ کلامِ پاک سے لوگوں کے دلوں کو منور کیا۔ گورکھپور سے حاجی عرفان ابن حاجی مرحوم بارک اللہ نے شرکت فرما کر مدرسہ کے حالات کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ جامعہ کے اساتذہ نے دلجمعی سے مہمانوں کا خیرمقدم اور استقبال کیا۔ آخر میں مفتی اشفاق احمد قاسمی کی دعاؤں پر مجلس کا اختتام ہوا۔
