بہار۔ ( مجاہد عالم ندوی )گزشتہ کل صوبہ بہار کے معروف و مشہور ضلع ارریہ میں دینی و عصری علوم کا حسین سنگم ادارہ الفیض ماڈل اکیڈمی بابوآن بسمتیہ ارریہ بہار میں یوم جمہوریہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔ پرچم کشائی اسکول کے مینجمنٹ جناب ڈاکٹر کوثر اعظم کے ہاتھوں کی گئی ، اس موقع پر طلباء و طالبات نے مل کر قومی گیت گائے بعد ازاں تمام بچوں نے تقریب میں شرکت کر کے اپنے اپنے جوہر دکھلائے ، جب کہ اسکول کے طلباء و طالبات میں سے اردو تقریر ملکی صبا شمس الہدی ، ہندی تقریر نغمہ پروین ابو ذر ، اور انگلش تقریر اسد واعظ اللہ نے پیش کی ۔
اس موقع پر اسکول کے چیئرمین ڈاکٹر امان اللہ مدنی نے اساتذہ ، طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیوں کے بعد اس ملک کو آزاد کرایا اور آزادی کے بعد اس ملک کا دستور اور آئین ایسا مرتب کرایا جس میں آزادی کے ساتھ کھلی فضا میں نہ صرف سانس لے سکیں بلکہ امن و سکون کے ساتھ اپنے مذہب کے مطابق تمام لوگ زندگی بسر کریں ۔ آپ جب مطالعہ کریں گے تو آپ کو علم ہوگا کہ دستور ہند مثالی دستور ہے جو اپنے شہریوں کو بغیر کسی بھید بھاؤ کے برابری کا حق دیتا ہے ۔
اسکول کے پرنسپل جناب حسنگیر خان نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ نفرت کا خاتمہ محبت سے کریں گے ، مظلوموں کو آئین کے مطابق انصاف دلائیں گے ، یقینا ہم جشن یوم جمہوریہ منا رہے ہیں اور منانا بھی چاہیے ، ساتھ ہی ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے جن کے خون جگر اور پھانسی کے پھندے پر چڑھنے کے بعد یہ حسین موقع میسر ہوا ،آج کے دن ہم سب اخلاص کے ساتھ ایمان ، اتحاد و یکجہتی اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل کرتے رہنے کا عہد کریں ۔
پروگرام کو کامیاب اور چار چاند لگانے میں اسکول کے نائب پرنسپل جناب فیروز عالم ، ناظم امتحان جناب معید الرحمٰن ، پروگرام انچارج جناب سلمان اسحاق و عبد الحسیب ، مسٹر سعید امان اللہ ، میزان الرحمٰن ، مسٹر ضحاک ، شفیع الرحمٰن ، رحمت اللہ اثری ، مسٹر عرفان ، مسٹر گوہر ، مسٹر شرف الہدی ، مسٹر حسنین ، مسٹر شاہنواز ، مسٹر محبوب عالم ، مسٹر شہاب الدین ، مسٹر سرفراز عالم ، مسٹر شمیم ، مسٹر نوشاد عالم ، امیر الہدی ندوی ، نجیب عالم ندوی ، تنویر عالم ندوی ، حبیب الرحمٰن سنابلی نے اہم کردار ادا کیا ،اس جشن کے موقع پر گاؤں محلے کے سیاسی و سماجی لیڈران و قرب و جوار کے معزز افراد شریک تھے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے