ظہیرآباد/کوہیر 17/ فروری (مشرقی آواز جدید): رمضان المبارک وہ مہینہ ہے جس میں قرآن مجید کو نازل کیا گیا جو انسانوں کیلئے راہ ہدایت اور دنیا کا دستور حیات ہے، وہ مہینہ عنقریب سایہ فگن ہونے والا ہے جس میں نیکیوں کے حصول پر اجر وثواب بڑھا کر دیا جائے گا اور نیکیوں کے بہار کا موسم ہے اس کو قلب مطمہنہ و یکسوئی کے ساتھ حاصل کرنے کیلئے کمربستہ ہوجائیں ان خیالات کا اظہار محترمہ آسیہ تسنیم صاحبہ اسسٹنٹ سیکریٹری مرکز و رکن شوریٰ حلقہ تلنگانہ جماعت اسلامی ہند نے جماعت اسلامی ہند موضع دگوال کے زیراہتمام "استقبال رمضان” کے شرکاء سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس بات زور دیا کہ رمضان کو ٹرننگ پوائنٹ بناکر خواتین و طالبات دینی اور روحانی زندگی میں تبدیلی لاسکتے ہیں۔ محترمہ ہاجرہ بیگم ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند ضلع سنگا ریڈی مشرق نے اپنے خطاب میں کہاکہ ماہ رمضان وہ مہینہ ہے جس میں تزکیۂ نفس اور تقویٰ حاصل کرنے کی تربیت حاصل ہوتی ہے۔

محترمہ زینت بیگم ناظمہ شعبئہ خواتین جماعت اسلامی ہند سنگا ریڈی مغرب نے کہا کہ اللہ کے نیک بندے اللہ تعالیٰ سے محبت رکھتے ہیں یہی دین کامل اور اسلام جس کا تقاضا ہے کہ وہ اسی کی بندگی و عبادت کریں۔ مقامی مقررین جن میں محترمہ ممتاز بیگم رکن جماعت قرآن اور رمضان، محترمہ تسنیم بیگم شب قدر اور اعتکاف، محترمہ مسرت بیگم انفاق اور زکوٰۃ کے عنوانات پر اظہار خیال کیا۔ پروگرام کا آغاز آسماء سلطانہ کی تذکیر بالقرآن سے ہوا جبکہ محترمہ ملیکہ بیگم ناظمہ شعبئہ خواتین جماعت اسلامی ہند دگوال نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔  جی آئی او کی طالبہ نے دل کو گرما دینے والا ترانہ پیش کیا اور ثانیہ بیگم جی آئی او ممبر نے بحسن وخوبی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اس جلسہ میں منڈل انچارجس اور خواتین و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے