ایم ایل اے تانڈور، ڈی ایس پی اور صدرِ جمعیۃ کے ہاتھوں افتتاح

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 وقارآباد 23/فروری(مشرقی آواز جدید): جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی موسم گرما میں شہر تانڈور کے تین بھیڑ بھاڑ والے علاقوں(اندراچوک،ریلوے اسٹیشن روڈ اور قدیم ترکاری بازار)میں آب دار خانوں کا قیام عمل میں آیا۔

اندراچوک کے آب دار خانے کے افتتاح کے بعد جناب بویانی منوہر ریڈی صاحب ایم ایل اے حلقہ اسمبلی تانڈور نے کہا مخلوق کے کام آنے والے اور عوام کی فلاح وبہبودی کے بارے میں سوچنے والے “بہترین لوگ”ہوتے ہیں بالخصوص موسم گرما میں دوردراز دیہاتوں سے آنے والے مسافرین اور راہ گیروں کے لئے ٹھنڈے اور صاف وشفاف پانی کا انتظام کرنا لائق ستائش عمل ہے اور مزید کہا کہ جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی سماجی،تعلیمی اور طبی خدمات سے میں ذاتی طور پر واقف بھی ہوں اور اس کی ستائش کرتا ہوں اور ہر موقع پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں۔

ریلوے اسٹیشن روڈ روبرو ڈی ایس پی آفس تانڈور پر قائم آب دار خانے کی افتتاح ڈی ایس پی تانڈور جناب بالا کرشنا ریڈی صاحب کے ہاتھوں اور قدیم ترکاری بازار میں قائم آب دار خانے کی افتتاح مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صاحب صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے ہاتھوں عمل میں آئی۔

واضح رہیکہ کے گزشتہ کئی سالوں سے جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے تانڈور میں موسم گرما میں آب دار خانوں کا پابندی سے قیام عمل میں لایا جاتا ہے جہاں مکمل صفائی ستھرائی کے ساتھ تین مہینوں تک ہمہ وقت پانی کا انتظام رہتا ہے۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے