مرکزی حکومت کی ناکامی پر غم و غصہ
بنگلورو۔ 24؍اپریل (محمدیوسف رحیم بیدری): کشمیر میں پہلگام کے قریب سیاحوں پر فائرنگ حملہ انتہائی قابل مذمت ہے، اور مرکزی حکومت کی سیکورٹی کی ناکامی اس حملے کی براہ راست وجہ ہے۔ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی صدر ایڈوکیٹ طاہر حسین نے کل 23؍اپریل کو یہ کہتے ہوئے اپنے غم وغصہ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے الزام لگایاکہ مرکزی حکومت پہلگام میں فائرنگ کے حملے کی ذمہ دار ہے اس واقعہ میں کناڈیگا سمیت 27 سے زیادہ لوگ مارے گئے ، جو انتہائی قابل مذمت ہے اور افسوس کامقام ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ فوری طور پر استعفیٰ دیں کیونکہ یہ واقعہ سیکورٹی کی کھلی ناکامی کی وجہ سے ہوا ہے۔اس حملے نے اس حقیقت کو بے نقاب کر دیا ہے کہ حکومت کشمیر کی سلامتی کے بارے میں اتنے عرصے سے جھوٹ بول رہی تھی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو مناسب معاوضہ فراہم کرے۔ طاہر حسین نے کہاکہکشمیر میں آرٹیکل 370 کو ہٹائے جانے کے بعد سے کوئی بڑا واقعہ رونما نہیں ہوا لیکن اب دہشت گردانہ حملے ہو رہے ہیں، مرکزی حکومت صرف تقریروں کے ذریعے دہشت گردی کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ موصوف نے کہا کہ ہم مہلوکین کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان تمام کے لواحقین کو صبر جمیل عطاکرے۔ آمین۔

