حیدرآباد 4/مئی (مشرقی آواز جدید): حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب مدظلہ صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ کا اظہار رنج وملال،،۔ حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب مدظلہ صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ نے حضرت مولانا غلام محمد وستانوی صاحب کے سانحہ ارتحال پر دلی حزن وملال کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مولانا ایک عظیم المرتبت شخصیت، مخلص عالم دین، اور روحانی رہنما تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی دین کی خدمت اور امت کی اصلاح و فلاح کے لیے وقف کر دی۔ ان کا وصال نہ صرف ان کے خاندان اور شاگردوں کے لیے بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔ حضرت مولانا غلام محمد وستانوی رحمۃ اللہ علیہ ایک عالمِ باعمل، با کردار مربی، مخلص وہمدرد قائد اور ملت کے عظیم محسن تھے، جن کی ذات علم، حلم، محبت، اخلاص، دور اندیشی، ایثار اور قیادت کی تمام تر خوبیوں سے مالامال تھی۔اپ نے اپنی علمی، دینی اور تربیتی مساعی سے برصغیر کے گوشے گوشے میں علم و عمل کے چراغ روشن کیے۔ آپ جامعہ اشاعت العلوم، اکل کوا کے بانی اور روحِ رواں تھے، یہ جامعہ آج جس علمی و عملی رفعت پر فائز ہے، وہ آپ کی شبانہ روز محنت، بے مثال اخلاص اور حکیمانہ قیادت کی روشن دلیل ہے، آپ کی ذات تاریخ کے ایک عظیم اور روشن کی حیثیت سے ہمیشہ محفوظ رہے گی آپ کی خدمات کو سنہرے حروف سے لکھا جائے گا ۔اللہ تعالی تعالی آپ کو خدمات کو قبول فرمائیں، صدر محترم نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صبر کی تلقین کی ہے اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائیں اور جنت الفردوس میں مقام اعلیٰ عطافرمائیں۔پسماندگان، کو صبر جمیل عطا فرمائے۔(آمین)
اسی طرح صدر محترم نے جمعیۃ علماء کے تمام صدرو نظمائے اعلی اور جمعیۃ علماء کے تمام کارکنان سے مولانا مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کی درخواست کی ہے۔۔۔
