شیگاؤں 7؍مئی (محمدیوسف رحیم بیدری): شیگاؤں ضلع ہاویری کے تعلیمی میدان میں ایک اور روشن ستارہ ابھرا ہے۔ JMJ اسکول، شیگاؤں کی ہونہار طالبہ خضریٰ بنت ہدایت اللہ رٹی ہلی نے حالیہ SSLC بورڈ امتحان میں 619/625 %99.04 نشانات حاصل کر کے تعلقہ میں پہلا مقام، ضلع بھر میں تیسری پوزیشن اور ریاستی سطح پر ساتواں رینک حاصل کر لی ہے۔ خضریٰ بنت ہدایت اللہ رٹی ہلی کی اس شاندار کامیابی نے نہ صرف ان کے والدین، اساتذہ اور اسکول کا نام روشن کیا ہے بلکہ یہ کامیابی دیگر طلبہ کے لیے بھی ایک مثالی محرک ثابت ہو رہی ہے۔ ان کا شمار ان چند خوش نصیب اور محنتی طالبات میں ہوتا ہے جنہوں نے مسلسل محنت، خود اعتمادی، اور عزم سے ہر چیلنج کا مقابلہ کیا۔خضریٰ رٹی ہلی نے کہا کہ ’’میں اس کامیابی کا سارا کریڈٹ اپنے والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی رہنمائی اور اپنی انتھک محنت کو دیتی ہوں۔ میری کوشش تھی کہ ہر مضمون میں مکمل تیاری کے ساتھ امتحان دوں، اور الحمدللہ اللہ نے میرے ارادوں کو کامیابی بخشی‘‘خضریٰ رٹی ہلی مستقبل میں میڈیکل میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھتی ہے۔شگاؤں تعلقہ کے ایم ایل اے یاسر خان پٹھان نے طالب علم کی نمایاں کامیابی پر تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت استقامت اور علمی شوق قابل تعریف ہے۔ اللہ تعالی انہیں زندگی کے ہر میدان میں کامیابی و کامرانی عطا فرمائے۔قوم و ملت کے لیے سرمایہ بنے۔کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت ہمیشہ رنگ لاتی ہے ہر طالب علم کو چاہیے کہ اپنے روشن مستقبل کے لیے خوب محنت و مشقت کرے۔ تعلقہ تحصیلدار پرکاش کورور نے کہا کہ طالبہ کی کامیابی پر ہمیں بے حد فخر ہے۔ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی ۔ان کا تعلیمی سفر ہمیشہ کامیابیوں سے ہمیشہ بھرپور رہے۔ تعلقہ بی۔ای۔او ایم بھی امیگر نے اپنے تاثرات میں کہا کہ خضریٰ رٹی ہلی نے SSLC امتحان میں شاندار کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے، بلکہ یہ ہمارے تعلیمی نظام کے معیار، اساتذہ کی محنت اور والدین کی توجہ کی بھی آئینہ دار ہے۔ ایسے ہونہار طلبہ ہماری قوم کا سرمایہ ہیں۔جے۔ایم۔جے اسکول کے پرنسپل اینی جارج نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’ہمارے لیے یہ ایک فخر کا لمحہ ہے۔ خضریٰ رٹی ہلی نے نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ اخلاقی طور پر بھی ہمیشہ اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا۔ ان کی کامیابی پوری اسکول کے لیے باعثِ مسرت ہے‘‘ضلع بھر کے تعلیمی حلقوں، مختلف تنظیموں، رشتہ داروں، اور دوستوں کی جانب سے خضریٰ رٹی ہلی کو مبارکباد دی جا رہی ہے۔ والدین کا کہنا تھا کہ ”ہماری بچی کی کامیابی ہماری خوش نصیبی ہے۔ اس موقع پر تعلقہ بی آر سی گیتا نجلی تیپد، اردو تعلیمی رابطہ کار عبدالقادر کڑے منی،امیش ایس،گروراج۔ایچ، رمیش ہیسرور،شکیل احمد چوہے،محمد جعفر نداف،سید حسین،محبوب علی پٹنی،نور احمدمتو بائی،اسماعیل خان شگفتہ،شمع پروین،محمد اسحاق سوداگر، جے۔ ایم۔ جے اسکول کے پرنسپل اور تمام اسٹاف، مقامی مساجد کے علمائے کرام،کے۔جی۔این ویلفیئر سوسائٹی کے صدر احمد باشاہ غلام الدین اور تمام اراکین، صوفی ملت مشن کے صدر و اراکین،والدین رشتہ دار اور کئی دوستوں نے خوب مبارکبادی پیش کی۔یہ اطلاع جناب خواجہ فریدالدین انعامدار نے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے