انوارالحق قاسمی
(ترجمان جمعیت علماء روتہٹ نیپال)
بلا شک و ریب کرہ ارضی کا حقیقی مالک اور شہنشاہ اکبر خدائے واحد کی ذات ہے؛مگر افسوس کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی ظاہری شان وشوکت اور ایٹمی طاقت کی بنا(جس کی خدائی طاقت کے سامنے کسی طرح کا کوئی ادنٰی تقابل بھی نہیں ہے) مسلمانوں کی نسل کشی اور استیصال کا سمجیے قسم کھا رکھا ہے۔ غزہ میں مسلمانوں کے قتل عام کا حقیقی مجرم ڈونلڈ ٹرمپ ہی ہے اور اسی کے حکم و اشارہ پر مسلمانوں کے خاتمے کا نہایت ہی الم انگیز عمل اب تک جاری ہے؛ورنہ اگر یہ چاہ لیتا،تو پھر اسرائیل میں اتنی طاقت نہیں ہے کہ وہ غزہ کے مسلمانوں کے خاتمے پر تل جائے ۔
اسی پس منظر پوری دنیا کے مفتی اعظم اور شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب – اعلی اللہ مراتبہ- کی ایک درد انگیز وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے،جس میں حضرت دوٹوک لفظوں میں گویا ہیں کہ ٹرمپ صاحب! ایک دن آپ کو بھی موت آنے والی ہے(كُلُّ مَنْ عَلَيْهَا فَانٍ وَيَبْقَى وَجْهُ رَبِّكَ ذُو الْجَلَالِ وَالْإِكْرَامِ)اور ایک دن آپ کو بھی مرنا ہے؛اس لیے آپ خداسے ڈریے اور ظلم وستم سے بچیے ؛کیوں کہ خدائی آپ کے ہاتھ میں نہیں آگئی ہے۔یہ اللہ تعالیٰ کا ملک ہے،یہ زمین اللہ تعالیٰ کی ملک ہے: إن الأرض لله.۔
ٹرمپ صاحب! آپ کے ارادے ،آپ کے عزائم مسلمانوں کے خلاف کوئی ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔آپ کے دل میں مسلمانوں کے تئیں بغض وعداوت اور کینہ ہے۔آپ کسی مسلمان کی جان،مال اور عزت کو کسی قدر و اہمیت کی نگاہ سے نہیں دیکھتے ہیں۔ آپ صرف اس شخص کی جان کو عزیز و محترم سمجھتے ہیں،جس کی چمڑی گوری اور وہ یورپ و امریکہ کا باشندہ ہو اور جس کی چمڑی گوری نہیں ہے وہ آپ کے نزدیک غلام ہےاور ان کے ساتھ آپ کا برتاؤ غلاموں جیسا برتاؤہے؛لیکن یاد رکھو! کہ غلام بھی جب اللہ تعالٰی اس کو طاقت دیتا ہے،تو وہ پھر بڑے بڑے فرعونوں کا تختہ پلٹ دیتا ہے،اس لیے عقل و فرزانگی کا ثبوت دیتے ہوئے خدائی طاقت سے ٹکرانے کی جرأت مت کرو،کیوں کی ان قوت کے سامنے آپ کی قوت بےدم ہے؛اس لیے اپنی ظاہری اور چند روزہ عطائی قوت پر غرہ مت کرو! ورنہ تمہارےسب غرے کا غرارہ ہوجائےگا۔
