”یوم اساتذہ“ تقریب میں ریاستی وزیر ایشور کھنڈرے کے ہاتھوں دیا گیا

بیدر۔ 10/ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): کے پی ایس سرکاری اُردو ہائیر پرائمری اسکول،راؤ تعلیم بیدر کے معلم جناب محمد اعظم پاشاہ کو سال 2025 26- کے لیے ضلع سطح کے ”بیسٹ ٹیچر ایوارڈ“ سے سرفراز کیا گیا اور یہ اعزاز انہیں یوم اساتذہ کی مناسبت سے8/ستمبرکو بھالکی میں منعقدہ ایک عظیم الشان تقریب کے دوران عطا کیا گیا۔ اس تقریب کا افتتاح ریاستی وزیر برائے جنگلات و ماحولیات و ضلع انچارج وزیر جناب ایشور کھنڈرے کے ہاتھوں انجام پایا۔ تقریب میں مختلف تعلیمی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کو ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ دیے گئے۔ اس موقع پر محمد اعظم پاشاہ کو شعبہ تدریس میں ان کی کاوشوں کے پیش نظر”بیسٹ ٹیچر“ کے باوقار اعزاز سے نوازا گیا۔واضح رہے کہ محمد اعظم پاشاہ ایک تجربہ کار پرعزم اورپرائمری اسکول کے ملنسار معلم کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ان میں برداشت کامادہ بہت ہے۔ ساتھیوں اور اغیار کی تنقید برداشت کرجاتے ہیں۔ لیکن طلبہ سے ان کالگاؤ جگ ظاہر ہے۔ وہ طلبہ سے قربت اور ان کے تعلیمی مسائل کوحل کرنے میں بے حد دلچسپی لیتے ہیں۔ اس سے قبل وہ مالیگاؤں میں معلمی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ اِن دِنوں راؤتعلیم بیدرکے سرکاری اردو اسکول میں برسرخدمت ہیں۔ 9/ستمبر کو بیلداڑے فنکشن ہال میں منعقدہ تعلقہ سطح کی ”یوم اساتذہ“ تقریب میں بھی انہیں تعلقہ پنچایت، بی ای او دفتر،اور محکمہ اسکول ایجوکیشن بیدر کی جانب سے بھی تہنیت پیش کی گئی۔محکمہ کی جانب سے سرکاری طورپر دئے گئے اس اعزاز پر اہل وعیال، دوست احباب اور محکمہ (اسکول) کے ساتھیوں نے جناب محمد اعظم پاشاہ کومبارک باد پیش کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے