گلبرگہ ۔ 17؍ستمبر (راست): دودن قبل 15؍ستمبر کو محبِ اردو، سماجی حرکیاتی جہدکار ،وظیفہ یاب محکمہ پولیس جناب خواجہ فریدالدین انعامدار، اپنے فرزندِ اصغر خواجہ سراج الدین انعامدار کے ہمراہ بذریعہ کار تعلیمی سفر کرتے ہوئے پہاڑوں کاسینہ چیرتے ہوئے گلبرگہ مستقر سے 136کیلومیٹر کی دوری پر واقع سرکاری کنڑا لور پرائمری اسکول ماون مٹّی تعلقہ شوراپور ضلع یادگیر پہنچے ۔ اسکول کے اساتذہ اوراراکین پنچایت کی موجودگی میں پیدائشی طورپر دونوں ہاتھوں سے صد فیصد معذور بھاگیہ شری بنت سنگپا پجاری جماعت پنجم کو نئے کپڑوں کانذرانہ پیش کرنے کے ساتھ کنڑا۔ انریزی گرامرکی کتاب اور ڈکشنری پیش کی۔ اس کے علاوہ اسکول کی لائبریری کے لئے بھی کتابیں عطیہ کی گئیں۔ تعجب خیز بات یہ ہے کہ بھاگیہ شری دونوں ہاتھوں سے معذورہونے کے باوجود انگریزی اور کنڑا میں اپنے پاؤں سے لکھتی ہے۔ جس کودیکھ کر جسم کے رونگٹھے کھڑے ہوجاتے ۔ ساتھ ہی دل میں ہمدردی کی لہر بھی اٹھتی ہے ۔ بھاگیہ شری کاتعلیم حاصل کرنے کاجذبہ سلیوٹ کے لائق ہے۔ اسکول کے اساتذہ اور گاؤں کے ذمہ داران نے خواجہ فریدالدین انعامدار اور ان کے فرزند سراج الدین انعامدار کاتہہ دل سے شکریہ اداکیا۔
اس موقع پرخواجہ فریدالدین انعامدار نے وزیراعلیٰ سدرامیاسے اپیل کی ہے کہ وہ دونوں ہاتھوں سے پیدائشی طورپر معذور اس بچی کو ہرممکنہ سہولت عطا کریں۔ بھاگیہ شری کی آگے کی تعلیم کسی معیاری اسکول ؍یامعیاری امدادی اسکول میں ہونی چاہیے۔
