والدین کی قربانیوں کو کامیابی کا اصل راز قرار دیا

سیتامڑھی: معروف اسکالر، انتہائی ہونہار اور نوجوان ادیب، کئی کتابوں کے مصنف ڈاکٹر فیصل نذیر کو حال ہی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے سالانہ کانووکیشن میں پی ایچ ڈی کی گولڈن ڈگری سے نوازا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر فیصل نذیر نے اپنی اس عظیم کامیابی کو والدین کے نام منسوب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈگری ان کی محنت، محبت، قربانی اور صبر کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے والدین نے انہیں اعلیٰ تعلیم کے لیے جو مہلت دی، وہ آج کے دور میں بہت کم والدین دیتے ہیں۔ جب میرے ہم عمر رشتہ دار اور پڑوسی روزگار سے وابستہ ہو چکے تھے، گھر بنا رہے تھے، تب میرے والد میرے تعلیمی اخراجات کے لیے پیسے بھیج رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والدین نے دنیاوی ترقی کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف تعلیم کو ترجیح دی، جو ان کی ہمت اور استقامت کی روشن مثال ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر فیصل نذیر کے والد محترم پیشے کے اعتبار سے درزی اور ایک ممتاز حافظِ قرآن ہیں، جو گزشتہ 52 برسوں سے مسلسل نمازِ تراویح کی امامت فرما رہے ہیں۔

والدین کے عزم اور حوصلے کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ضعیفی اور نقاہت کے باوجود انہوں نے اپنی تینوں اولاد کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کیا اور بہترین تربیت فراہم کی۔

ڈاکٹر فیصل نذیر اب تک تین کتابیں تصنیف کر چکے ہیں:

ملک اردن کی عربی شاعرات کا تعارف

احمد فراز کی غزلوں کا انگریزی ترجمہ

. رسکن بونڈ کے ناول "The Blue Umbrella” کا اردو ترجمہ "نیلی چھتری”

ان کی تمام کتب علمی و ادبی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے