ظہیرآباد۔ 6/ نومبر (مشرقی آواز جدید): ملت فاؤنڈیشن فار ایجوکیشن، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ  نے دسویں جماعت کے طلبہ و طالبات کے لیے ایک سنہری تعلیمی موقع فراہم کرتے ہوئے "ملت ٹیلنٹ سرچ امتحان 2026” (Millat Talent Search Exam 2026) کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
یہ امتحان ان ذہین اور محنتی طلبہ کے لیے رکھا گیا ہے جو اپنی قابلیت کے باوجود مالی دشواریوں کے سبب اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مشکلات محسوس کرتے ہیں۔ اس امتحان کے ذریعے پورے ملک سے ایک ہزار باصلاحیت طلبہ کا انتخاب کیا جائے گا، جن کے لیے دس کروڑ روپے مالیت کے اسکالرشپس مختص کیے گئے ہیں۔
منتخب طلبہ کو ملک کے چھ معروف و معتبر اداروں میں انٹرمیڈیٹ کے ساتھ ساتھ NEET، IIT-JEE، NDA، CLAT اور CA Foundation جیسے مسابقتی امتحانات کی اعلیٰ معیار کی کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ ملت فاؤنڈیشن کا مقصد ملک کے ذہین، باصلاحیت اور محنتی طلبہ کو اپنی علمی و فکری صلاحیت دکھانے کا موقع دینا، ان کے بلند عزائم کی تکمیل کے لیے راہیں ہموار کرنا، اور انہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں حوصلہ افزائی فراہم کرنا ہے۔
اس امتحان کے ذریعے منتخب ہونے والے طلبہ کو درج ذیل چھ معروف اداروں میں داخلے دیے جائیں گے۔ جیسے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی، حیدرآباد، انیس ڈیفنس کیریئر انسٹی ٹیوٹ (ADCI)، پونے، الامین میٹرکولیشن ہائر سیکنڈری اسکول، کمباکونم (تمل ناڈو)، ہدیٰ پری یونیورسٹی کالج، میسور (کرناٹک)، ہند گرو اکیڈیمی، دہلی اور اسکالر کیریئر اکیڈیمی، احمد آباد (گجرات)۔
ظہیرآباد کے طلبہ و طالبات کے لیے امتحان کا مرکز حراء فاؤنڈیشن اسکول، SBH کالونی، ظہیرآباد مقرر کیا گیا ہے۔ امتحان آف لائن موڈ میں منعقد ہوگا۔
 مذکورہ امتحان کے رجسٹریشن کا آغاز 25 اکتوبر اور آخری تاریخ 25 نومبر 2025 ہے۔ واضح رہے کہ امتحان 30 نومبر 2025 (بروز اتوار، صبح 10 بجے تا 1 بجے دوپہر) منعقد ہوگا۔ امتحانی فیس100 روپئے (آن لائن جمع کرنی ہوگی)۔ امتحان  آف لائن ہوگا۔مذکورہ امتحان 23 ریاستوں میں 200 سے زائد مراکز پر مشتمل ہوگا۔ آن لائن رجسٹریشن کے لئے mtse.gleamappstore.com مزید معلومات کے لئے 8106586622 / 9573519922  mtse@ms.academy
اس موقع پر حراء فاؤنڈیشن اسکول، ظہیرآباد کے چیئرمین مفتی عبدالصبور قاسمی نے کہا کہ “یہ ملت فاؤنڈیشن کی ایک تعلیمی و اصلاحی کوشش ہے، جو ہمارے نوجوانوں کے لیے ترقی و کامیابی کی نئی راہیں کھولے گی۔ ظہیرآباد کے طلبہ کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہے کہ وہ قومی سطح پر اپنی قابلیت دکھائیں اور ملت و قوم کا نام روشن کریں۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے