دینی تعلیمات کے فروغ میں مصروف مرکز آفــاق لتحــفیظ القــرآن الکــریم میں حفــظِ قرآن کی سعـــادت پر شکرانے اور دعاؤں کی پرنور تقریب کا انعقاد

سدھارتھ نگر،مہدئیا:گزشتہ کل مرکز آفاق لتحفیظ القرآن الکریم ،مہدئیا ،نوگڈھ، ضلع سدھارتھ نگر سے ایک خوش کن اور روح پرور خبر موصول ہوئی ہے کہ ادارے کے ہونہار طالبِ علم حافظ محمد یونس سلمہ نے مکمل طور پر قرآنِ مجید حفظ کر لیا ہے۔ اس عظیم سعادت پر ادارے میں ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ، طلبہ، اور والدین نے شرکت کی۔
اس موقع پر ادارے کے ناظم شیخ رفیع احمد ندوی حفظہ اللہ نے اپنے خطاب میں قرآنِ مجید کی عظمت، اس پر عمل کی اہمیت اور حفاظِ قرآن کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔اور کہا کہ “یہ اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے کہ ہمارے ادارے سے ایک اور طالبِ علم نے قرآن کریم کو اپنے سینے میں محفوظ کر لیا۔ حافظ محمد یونس سلمہ نے مسلسل محنت، لگن اور خلوص کے ساتھ یہ منزل طے کی۔ یہ کامیابی صرف ان کی نہیں بلکہ ان کے والدین اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ مرکز آفاق لتحفیظ القرآن الکریم کا مقصد صرف قرآن یاد کرانا نہیں بلکہ طلبہ کے دلوں میں قرآن سے محبت اور اس پر عمل کا جذبہ پیدا کرنا ہے، تاکہ یہ نوجوان آئندہ دین کی خدمت کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں۔
تقریب کا آغازحافظ محمد یونس کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا،اور نعت النبی ﷺحافظ محمد جمیل نے پیش کیا ،نظامت کے فرائض شیخ ابوالکلام آزاد ندوی نے انجام دیااور آخر میں حافظ محمد عابدصاحب حفظہ اللہ نے حافظ محمد یونس سلمہ کے لیے اجتماعی کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے علم میں برکت دے، عمل کی توفیق عطا فرمائے اور ان کے والدین و اساتذہ کو جزائے خیر سے نوازے۔اس کے بعد ادارے کے اساتذہ کرام اور مہمانانِ گرامی نے حافظ محمد یونس سلمہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کی محنت، استقامت اور شوقِ قرآن کو سراہا۔
اس پرو گرام میں حافظ محفوظ الرحمٰن صاحب ،حافظ محمد احمد صاحب ،ماسٹر محمد صدام صاحب ،ماسٹر عبد الحفیظ صاحب ،ماسٹر عبید اللہ صاحب ،حافظ شمس الحق صاحب و جملہ طلباء مرکز آفاق لتحفیظ القرآن الکریم موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے