بیدر۔ 9؍نومبر (پریس نوٹ): اردو اور دکنی زبان کے شاعر جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے آج 9؍نومبر کو اپنی رہائش گاہموقوعہ پتال نگری بیدر پر طلبہ کے ساتھ ’’یوم ِ اردو‘‘ منایا۔ جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے طلبہ سے کہاکہ وہ جس کسی بھی میڈیم سے تعلیم حاصل کررہے ہوں، اپنی مادری زبان اردو کو سیکھیں۔ دل لگاکر سیکھیں۔والدین کو چاہیے کہ بچوں کو اردو سکھائیں ، تاکہ اردو میں موجودادبی ، علمی ، ملی ، اور دینی سرمایہ نئی نسل کے سینوں میں محفوظ طورپر منتقل کیا جاسکے۔ جناب بیدری نے طلبہ سے مختلف سوالات کئے، چند ایک جوابات طلبہ نے دئے۔ یومِ اردو والے سوال کاطالب علم عبدالحسیب نے عمدہ جواب دیا۔ طالب علم محمد تقی نے علامہ اقبال کی دعا ’’لب پہ آتی ہے دعا‘‘ کے دوشعرزبانی مگر ترنم سے سنائے۔ جناب یوسف رحیم بیدری نے طلبہ کو بتایاکہ ہندوستان کا سب سے اہم امتحان UPSCہے ۔ اس امتحان کواردو میں لکھاجاسکتاہے۔ اردو کی بڑی اہمیت اس لئے بھی ہے کہ ہمارا علاقہ کلیان کرناٹک اردو کاعلاقہ ہے۔75سال قبل نظام حکومت میں رہنے کی بناپر آج تک بھی ہمارے علاقے میں اردو کاچلن عام ہے۔ یہاں سرکاری اردو اسکول واقع ہیں، جس میں طلبہ پڑھتے ہیں۔ اردو شعراء اور ادباء کی یہاں کثرت ہے۔ آخر میں ویڈیو پر علامہ اقبال کا کلام دکھایاگیاخصوصیت کے ساتھ سعودی عرب میں مقیم گلبرگہ بنیاد ٹیچراور شاعر جناب ذکی قاضی کاپڑھاہوا ترانہ ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘‘ طلبہ کو ویڈیو پر دکھایاگیا۔ دیگر ویڈیوز بھی دکھائے گئے۔ طالب علم عبدالحسیب ، محمد ردان ، محمد عزیز، محمدیوسف ، محمد تقی ، محمد عبدالرحمن ، محمد ابوالاعلیٰ شریک رہے۔ دعاپر ’’یومِ اردو‘‘ کااختتام عمل میں آیا۔ طلبہ میں چاکلیٹ اور مونگ دال تقسیم کی گئی۔
