بیدر۔ 26؍فروری (محمدیوسف رحیم بیدری): جناب عبدالصمدمنجووالا کے مطابق موومنٹ آف جسٹس اور علم فاؤنڈیشن کی جانب سے ماہِ مبارک رمضان میں روزانہ سحری کا باقاعدہ انتظام کیا جا رہا ہے، جس سے روزانہ 400 سے 500 بلکہ بعض اوقات اس سے بھی زائد روزہ دار فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ مستفید ہونے والوں کی تعداد میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے۔سحری کے پکوان کی تیاری مدرسہ جامعہ ہاشمیہ، دلہن دروازہ کے پاس جاتی ہے۔ یہاں کھانا تیار کرنے کے بعد اسے باقاعدہ پیکٹوں میں پیک کیا جاتا ہے۔ بعد ازاں یہ پیکٹ اندرون شاہ گنج، مکی مسجد کے سامنے تقسیم کیے جاتے ہیں، تاکہ باہر سے آنے والے افراد کو جگہ تلاش کرنے میں آسانی ہو۔جناب سید سرفراز ہاشمی ایڈوکیٹ نے بتایا کہ اس انتظام سے خاص طور پر وہ طلبہ و طالبات فائدہ اٹھا رہے ہیں جو دور دراز علاقوں سے تعلیم کے لیے بیدر آئے ہوئے ہیں، اور وہ سرکاری ملازمین بھی جو یہاں بغیر اہلِ خانہ کے مقیم ہیں۔انہوں نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ تقریباً 200 سے زائد طالبات اس سحری سنٹر سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ یہ وہ لڑکیاں ہیں جو نہ تو ہوٹل جا سکتی ہیں، نہ ہی انھیں سحری کے وقت زومیٹو جیسی سروسز دستیاب ہوتی ہیں، اور نہ ہی ان کے پاس کھانا پکانے کی مناسب جگہ ہوتی ہے۔ ایسے میں یہ سحری سنٹر ان کے لیے بڑی سہولت ثابت ہو رہا ہے۔سحری کے لیے طلبہ پہلے سے رابطہ کرتے ہیں اور ان کے نمبر واٹس ایپ گروپ میں درج کر لیے جاتے ہیں، جس کی بنیاد پر کھانے کی مناسب مقدار تیار کی جاتی ہے۔ تنظیم کے کارکنان مسلسل محنت کرتے ہیں اور یہ تمام خدمات رضاکارانہ طور پر انجام دی جا رہی ہیں۔ اس نیک کام میں ساتھیوں اور معاونین کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔یہ بات ایک پریس نوٹ جاری کرکے بتائی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے