نان پارہ ،بہرائچ (محمد رضوان گوہر): قصبہ نان پارہ کے قدیم تعلیمی ادارہ مدرسہ عربیہ بحر العلوم انجمن اسلامیہ نان پارہ میں 5 اپریل بروز اتوار حج تربیتی کیمپ کا انعقاد ہوا، جس میں تقریبا 37 عازمین حج نے شرکت کی اور حج کی بنیادی باتوں سے واقفیت حاصل کی۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا سلیم احمد قاسمی مہتمم مدرسہ بدر العلوم بابا گنج نے کہا کہ حج ایک عظیم رکن ہے، صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے، حج کرنے والے اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور اسلام کی نظر میں ان کی بڑی اہمیت اور قدر ہے۔
مدرسہ اشرف العلوم نواب گنج کے مہتمم مولانا زین العابدین قاسمی نے حج کے متعلق تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ حج صرف ایک سفر نہیں ہے، زندگی بدلنے اور نیتوں کو صاف اور خالص کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ہے، نیت خالص ہو تو حاجی کی زندگی کے سابقہ تمام گناہ معاف کر دئے جاتے ہیں۔
مدرسہ بحرالعلوم انجمن اسلامیہ کے مہتمم مولانا محمد افضل ندوی نے مہمانوں کا استقبال کیا اور مبارکباد پیش کی اور دوران حج اپنے آپ کو موبائل سے دور رہنے اور فضولیات سے بچنے کی تلقین کی۔
پروگرام کا آغاز قاری اسرار احمد کی تلاوت قرآن سےہوا، مولانا امانت اللہ قاسمی نے نعت پڑھی اور مولانا محمد احمد انصار قاسمی نے نظامت کے فرائض انجام دئے، اس موقع پر ایام حج کے مسائل پر مشتمل پمفلٹ اور بیگ بھی تقسیم کئے گئے. مولانا سلیم احمد قاسمی کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے