پانچ نوجوان ٹنکی پر چڑھ رہے تھے، حادثے کے بعد دو اوپر پھنس گئے، ریسکیو آپریشن جاری
سدھارتھ نگر :ضلع سدھارتھ نگر کے صدر تھانہ علاقہ میں واقع بیلہیا چوراہے کے قریب کاشی رام آواس کالونی میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا، جہاں پانی کی ایک خستہ حال ٹنکی کی سیڑھی ٹوٹنے سے بڑا سانحہ رونما ہو گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پانچ نوجوان پانی کی ٹنکی پر چڑھ رہے تھے کہ اچانک زنگ آلود اور کمزور سیڑھی بھر بھر ا کر ٹوٹ گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں تین بچے نیچے زمین پر گر گئے جبکہ دو نوجوان ٹنکی کے اوپر ہی پھنس گئے۔
زخمی بچوں کو فوری طور پر میڈیکل کالج منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران ایک بچے کی موت ہو گئی، جبکہ دو دیگر کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ ضلع مجسٹریٹ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت بھاری پولیس فورس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی اہلکار ٹنکی کے اوپر پھنسے دونوں نوجوانوں کو بحفاظت نیچے اتارنے کی کوششوں میںکامیاب ہوئے۔
مقامی لوگوں کے مطابق یہ پانی کی ٹنکی کافی عرصے سے خستہ حالت میں تھی اور اس کی مرمت یا حفاظت کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے تھے۔ نہ ہی اس کے اطراف کوئی حفاظتی باڑ یا انتباہی بورڈ نصب کیا گیا تھا، جس کے باعث بچے آسانی سے وہاں پہنچ جاتے تھے۔
حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔ اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے جبکہ عوام میں انتظامیہ کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ انتظامی لاپرواہی اور بنیادی ڈھانچے کی خستہ حالی کی واضح مثال ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ضلع انتظامیہ فوری طور پر ایسے تمام خطرناک مقامات کی نشاندہی کرے اور انہیں محفوظ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے، تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔
