لار، دیوریا (پریس ریلیز): نسواں تعلیمی ادارہ جامعۃ الطیبات قصبہ لار میں پانچ روزہ اسلامی سمر کلاسز کی اختتامی تقریب نہائی باوقار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں علماءِ کرام، معزز مہمانانِ گرامی، والدین اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز محترمہ عنبرین فاطمہ فلاحی نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔ حمد پاک محترمہ حنا خاتون صاحبہ نے پیش کیا۔اس کے بعد عنبرین فاطمہ فلاحی نے پانچ روزہ اسلامی سمر کلاسز کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ان کلاسز کا مقصد طالبات کی دینی، اخلاقی اور تعلیمی صلاحیتوں کو نکھارنا، ان میں اسلامی اقدار کو فروغ دینا اور ان کے اندر حصول علم کا شوق پیدا کرنا ہے۔ مولانا عبیداللہ فیضی صاحب (ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند) نے علمِ دین، اعلیٰ اخلاق اور صالح کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور دینِ اسلام پر مضبوطی سے قائم رہنے کی تلقین فرمائی۔ مولانا مشتاق احمد فلاحی (مہتمم جامعتہ الصالحات، بانسی، سدھارتھ نگر) نے جامعۃ الطیبات کی دینی و تعلیمی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں والدین کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو شخص وقت کی قدر کرتا ہے وہ اپنی زندگی کی قدر کرتا ہے۔
اس کے بعد تقسیمِ انعامات کا سلسلہ شروع ہوا۔ مقابلہ تین گروپس پر مشتمل تھا: گروپ C (دوم تا چہارم)، گروپ B (پنجم تا ہشتم) اور گروپ A (نہم تا گریجویشن)۔
گروپ C کی طالبات کو محترم مولانا عبیداللہ فیضی صاحب نے انعامات سے نوازا، جن میں زویا فاطمہ نے پہلی، نور صبا نے دوسری اور منشا عامر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
گروپ B کی طالبات کو محترم مولانا مشتاق احمد فلاحی صاحب نے انعامات سے نوازا، جن میں عفیفہ ناز نے پہلی، جویریہ خاتون نے دوسری اور آفرین خاتون نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
گروپ A کی کامیاب طالبات کو صدرِ مجلسِ منتظمہ جامعۃ الطیبات مولانا مسیح الزماں فلاحی ندوی صاحب کے دستِ مبارک سے انعامات دیے گئے۔ اس گروپ میں تحریم فاطمہ، عریشہ خاتون، نادیہ پروین نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
خصوصی انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ انشاء ارشاد اور شیبہ خاتون کو جناب جاوید احمد صاحب نے خصوصی انعامات سے نوازا، جبکہ فلک خاتون، عظمیٰ بانو، اقصیٰ خان اور زینب فاطمہ کو جامعہ کے بانی اور اعزازی ناظم مولانا نور الہدیٰ فلاحی صاحب کے دستِ مبارک سے خصوصی انعامات پیش کیے گئے۔
اسی سلسلے میں رقیہ خاتون، الفیہ خان اور شفا شمشاد کو محترمہ عنبرین فاطمہ فلاحی (ہیڈ معلمہ) نے خصوصی انعامات سے نوازا۔
تقریب کے اختتام پر صدرِ مجلسِ منتظمہ مولانا مسیح الزماں فلاحی ندوی صاحب نے اپنے اختتامی کلمات میں جامعہ کا تعارف، اس کے اغراض و مقاصد اور دینی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ هما خاتون نے نظم پیش کی۔
آخر میں مولانا نور الہدیٰ لاری فلاحی نے تمام مہمانانِ کرام، والدین، معاونین، اساتذۂ کرام اور منتظمین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ قران انسٹیٹیوٹ لکھنؤ کے ذمہ داران کا بھی شکریہ ادا کیا ۔اور قران کی سمجھ کے تعلق سے القران انسٹیٹیوٹ کی کوششوں کو سراہا گیا۔ مولانا مشتاق احمد فلاحی صاحب کی دعا پر تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
