مہوا، ویشالی ۱۵/ستمبر(پریس ریلیز): ماسٹر محمد رضاء الہدیٰ رحمانی کی سبکدوشی کے چند دنوں کے بعد باضابطہ اسکول کی جانب سے ایک پُروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت جناب جواہر رائے مکھیا بالی بتھنا نے کی۔ اس موقع پر اساتذہ، تعلیمی اہلکاروں، رفقائے کار اور معززین نے شرکت کرتے ہوئے ماسٹر محمد رضاء الہدیٰ رحمانی کی طویل اور قابلِ قدر تدریسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ ماسٹر محمد رضاء الہدیٰ رحمانی نے 18 فروری 2012ء کو سرکاری اردو اسکول، رام پور سنگھاڑا سے اپنی تدریسی ملازمت کا آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں 13 اکتوبر 2023ء کو ان کی منتقلی اتر کمت مڈل اسکول، بالی بتھنا میں ہوئی، جہاں انہوں نے اپنی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دیا۔ تقریباً ساڑھے چودہ برس پر محیط تدریسی خدمات کے بعد وہ 31 اگست 2026ء کو سرکاری ضابطے کے مطابق ملازمت سے سبکدوش ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ماسٹر محمد رضاء الہدیٰ رحمانی کی تدریسی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے اپنی پوری ملازمت کے دوران طلبہ کی تعلیم و تربیت کو ترجیح دی۔ ان کی شرافت، خوش اخلاقی، طلبہ کے ساتھ شفقت، ساتھی اساتذہ کے ساتھ حسنِ سلوک اور فرائض کے تئیں سنجیدگی قابلِ تقلید ہے۔ ایک مخلص استاد کی خدمات صرف ملازمت کی مدت تک محدود نہیں ہوتیں، بلکہ ان کے اثرات آنے والی نسلوں تک باقی رہتے ہیں۔
اس موقع پر ماسٹر محمد رضاء الہدیٰ رحمانی نے اسکول کی جانب سے اتنے خوبصورت اور پُروقار انداز میں الوداعیہ دیے جانے پر اپنے تمام اساتذۂ کرام، صدرِ مدرس، رفقائے کار اور تمام محبین کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جذباتی انداز میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
’’میں سرکار کے ضابطے کے مطابق ریٹائر ہوا ہوں، لیکن آپ لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ بنا رہوں گا۔ میں اسکول سے سبکدوش ہوا ہوں، تعلیمی سرگرمیوں سے نہیں۔‘‘
ماسٹر صاحب کے ان کلمات پر شرکائے تقریب نے ان کے عزم اور تعلیم سے وابستگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمت سے فراغت کے بعد بھی وہ اپنی علمی، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ اور معاشرے کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
تقریب میں جناب منوج کمار، بشن کمار، اروند رائے، C.R.C. پریم راج، رنجیت رائے، محمد کلیم، راجکمار سنگھ، چندر بھوشن، پنکج کمار، محمد اسماعیل، محمد معاذ، محمد آفتاب عالم، سپنا کماری، سومیگھا کماری،امرندرکمار C,R,C بکساواں،سیما کماری، صبا وارث، کنچن کماری، محمد شمیم الہدیٰ، بدیع الزماں، اجے کمار، محمد معراج الہدیٰ، محمد دلدار، محمد ذکاء الہدیٰ، اروند رائے،دیگر اسکول کے صدر مدرس ، سمیت دیگر اساتذہ،گرامین ،رفقائے کار اور معززین موجود تھے۔
آخر میں شرکائے تقریب نے ماسٹر محمد رضاء الہدیٰ رحمانی کو ان کی طویل اور مخلصانہ تعلیمی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی صحت، خوش حالی اور آئندہ زندگی میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کا ماحول انتہائی جذباتی، پُروقار اور محبت و عقیدت سے بھرپور رہا۔
