مولانا عبدالرشید سلفی

____________________

سدھارتھ نگر: ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر، یوپی کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی کی اطلاع کے مطابق ضلعی جمعیت کے ذمہ داروں نے اپنے تمام حلقوں کے امراء ونظماءکواس بات کاپابند کررکھا ہے کہ اپنے اپنے حلقہ کے تمام مواضعات کا دورہ کرتے رہیں، وہاں کے مکاتب ومدارس نیز مساجدکی نگرانی کے ساتھ ان کے عقائد اور افکار ونظریات پر گہری نظر رکھتے ہوئے اصلاح ورہنمائی کی ہرممکن کوشش کرتے رہیں۔

9/ ستمبر 2023 بروز سنیچرضلعی جمعیت اہل حدیث ، سدھارتھ نگر، کی سرپرستی میں جامعہ عباسیہ، موھن کولہ، سدھارتھ نگر میں ایک نصف شبی دینی و دعوتی اجلاس عام کا انعقاد ہوا۔ ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے اراکین و ذمہ داران کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ علاقہ و جوار میں ملک و بیرون ملک سے آنے والی دینی و اسلامی شخصیات سے بھر پور دینی و دعوتی فائدہ اٹھایا جائے۔جماعت کے معروف عالم دین اور دارالخیر فاونڈیشن، ممبئی کے ڈائریکٹر مولانا شمیم احمد عبدالحلیم مدنی کی آمد کے متعلق جب ذمہ داران جمعیت کو خبر لگی تو فوری طور پر شیخ محترم سے ایک دعوتی پروگرام کے لیے بات کی اور شیخ نے انشراح صدر کے ساتھ اجازت دے دی اس طرح ضلع سدھارتھ نگر کی معروف بستی موھن کولہ میں 9/ ستمبر بروز سنیچر بعد نمازِ عشاء شیخ محترم کا پروگرام رکھا گیا، جس کی نظامت جامعہ عباسیہ کے موقر استاد مولانا احمد اللہ سلفی اور صدارت کا فریضہ مولانا وصی اللہ مدنی ناظم ضلعی جمعیت اہلِ حدیث،سدھارتھ نگر انجام دی۔

ناظم اجلاس مولانا احمداللہ سلفی نے خود ہی تلاوت قرآن سے بزم کا آغاز کیا، بعد ازاں مقامی جمعیت اہل حدیث،حلقہ شہرت گڑھ کے ناظم شیخ جمشید عالم سلفی کو مختصر خطاب کی دعوت دی گئی شیخ نے اپنے مختصر خطاب میں ضلعی جمعیت کا تعارف، اس کے بنیادی اہداف و مقاصد بیان کرنے کے ساتھ ہی غلط فہمی سے پیدا ہونے والی شرعی وسماجی قباحتوں کا ذکر کرتے ہوئے بدگمانی سے اجتناب کرنےکی تلقین کی۔

اسکے بعد مقرر خصوصی و مہمان ذی وقار شیخ شمیم احمد عبدالحلیم مدنی نے میراث کی فرضیت،اہمیت اورضرورت پر نہایت ہی متانت وسنجیدگی اور عاجزی کے ساتھ اپنی موثر باتوں کو سامعین کرام کی سماعتوں کے حوالے کیا۔ اس کے بعد جامعہ سراج العلوم جھنڈا نگر کے استاد اور ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے نائب ناظم شیخ سعود اختر عبد المنان سلفی نے "گناہوں کے اثرات ” کے موضوع پر دل نشیں اورولولہ انگیز خطاب کیا۔ آپ نے اپنے خطاب میں اللہ کی طرف سے آنے والی مصیبتوں کا ذکر کرتے ہوۓ اس کا ذمے دار لوگوں کو ٹھہراتے ہوۓ ان مصیبتوں سے چھٹکارا پانے کے طریقوں کو بھی بڑی خوش اسلوبی سے بیان کیا۔ بعدہ سماجی زندگی کا ایک اہم گوشہ زوجین کے باہمی حقوق شوہر اور بیوی کا آپسی رویہ و برتاؤ کے متعلق صدر مجلس اور ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے ناظم اعلیٰ مولاناوصی اللہ عبد الحکیم مدنی نے ایک ولولہ انگیز خطاب کیا، آپ نے شوہر و بیوی میں باہمی الفت و محبت کے طریقوں ایک دوسرے کے حقوق کی ادائیگی کے متعلق قرآن و حدیث سے مزین آیات و احادیث کے حوالے سے مدلل اور جامع خطاب پیش کیا۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی زندگی میں ان کی بیویوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ اس طرح تقریباً سواگیارہ بجے تک پروگرام چلتا رہا، الحاج عتیق الرحمن خان سابق قانون گو و لیکھپال نے مدعوئین علماء و مہمانوں کی پر تکلف ضیافت کی اور ان کی تکریم وتوقیر کرتے ہوئے حسن اخلاق کامظاہرہ کیا۔

صدر مجلس کے دعائیہ کلمات کے ساتھ مجلس کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔

الحمدللہ یہ دعوتی پروگرام بڑی خوش اسلوبی کے ساتھ چلا اور سامعین وسامعات کی معتدبہ تعداد نے پوری توجہ اور انہماک سے مہمان خطیب کے خصوصی خطاب اور دوسرے علماء کے بیانات کو سماعت کیا۔

پروگرام کوکامیابی سے ہم کنار کرنے میں جامعہ عباسیہ کے ناظم مولانا عبداللطیف سراجی، مولانا عطاء اللہ مدنی اور ان کے دوسرے احباب ورفقائے کار کا بہت اہم کردار رہا، اللہ سب لوگوں کی کاوشوں کو شرف قبولیت بخشے۔ (آمین)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے