سدھارتھ نگر(نوگڈھ): عالمی یوم اردو ( یوم اقبال) کے مبارک موقع پر سدھارتھ نگر میں “ انجمن پیغام ادب” کی جانب سے ادبی نشست کا انعقاد ہوا۔ جسکی صدرات معروف شاعر جناب سالک بستوی نے کی اور بطور مہمان خصوصی عالی جناب ڈاکٹر عبداللہ فیصل ( ایڈیٹر، المصباح) ممبئی نے شرکت کی۔ اور آپ نے اپنے تاثراتی کلمات بھی پیش کئے۔ آپ نے یوم اقبال کی اہمیت وافادیت کے ساتھ اس بات کا بھی ذکر کیا کہ اس مصروف زمانے میں دور دراز سے چل کر اردو کی نشست میں شمولیت یہ ادب نوازی اور یہاں کے محبان اردو کی زندہ دلی ہے۔
نظامت کے فرائض استاد شاعر محترم جناب نور قاسمی صاحب نے بحسن وخوبی انجام دیئے۔ موصوف نے اپنے تمہیدی کلمات میں شاعر مشرق علامہ اقبال کی حیات وخدمات کے مختلف زاویوں پر روشنی ڈالی۔علامہ اقبال کی شاعری پر اظہار خیال کرتے ہوئے گریٹ انڈیا نیشنل اکیڈمی (نور نگر ، کرمہوا، کونڈراگرانٹ )کے چیئرمین جناب نوراللہ خان نےکہا کہ علامہ اقبال کی شاعری سے ملت کو بلند نگاہی، دور اندیشی اور ایک مثالی معاشرے کے حوالے سے سبق ملتا ہے۔ اور آپ کی شاعری میں قرآن وسنت کی مکمل عکاسی ہوتی ہے۔ نیز قوم وملت کو بیداری کا پیغام ملتا ہے۔ اس لئے اردو کی ان عظیم خدمات کے اعتراف میں عالمی یوم اردو یوم اقبال کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اور اردو ہماری تہذیب کی علامت ہے۔ یہ نہ صرف ایک عمدہ زبان ہے بلکہ ایک مہذب سماج کی زبان ہے جسکا تحفظ ہمارے لئے ضروری ہے۔ شعراء کے منتخب اشعار بطور نمونہ پیش خدمت ہیں۔

آؤ ہم کان میں رس گھولتی برسات کریں
آؤ اردو پڑھیں، اردو میں چلو بات کریں

(نور قاسمی)

وفا شعار جو اردو کا ہے میرے ہمدم
اسی سے بزم میں رونق ہےاور زینت ہے
(مونس فیضی)

غالب نے اس کو عشق کا ساماں بنادیا
اقبال اور حالی نے ارماں بنادیا
( سالک بستوی)

اک وفادار ہوں میں اردو کا
ہاں پرستار ہوں میں اردو کا
(شاداب شبیری)

کان میں دیوارودرکی دھڑکنوں پہ ہے نظر
راز کیا ہے راز ،ہر گفتگو خطرے میں ہے
( جاوید سرور)

چنگ ورباب میں ہے نہ شہنائیوں میں ہے
سرگم جو تیری یاد کی پرچھائیوں میں ہے
( ریاض قاصد)

حسن ظن تھا تو تھی شکایت بھی
آپ سے اب کوئی گلہ نہ رہا
(فضل الرحمان یاس)

تم خوب کرو علم کی دنیا میں ترقی
سجدے میں مگر سر کو جھکانا ہے ضروری
( ڈاکٹر نوشاد اعظمی)

دلوں کو جیتنے کا میں جادو جانتا ہوں
مجھے یہ فخر ہے خود پر کہ اردو جانتا ہوں

( شیو ساگر سحر)

نشست میں باذوق سامعین اور محبان اردو کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے