سہارنپور( احمد رضا): نشہ اسلام میں صرفِ اور صرفِ اسلئے حرام قرار دیا گیا ہے کہ نشہ ہی ازل سے بڑی بڑی خرابیوں اور فتنوں کی بنیاد رہا ہے اسلام کا پیغام سہی معنوں میں انسانوں کی بہتر اصلاح کے لئے عام ہے ہمکو دین اسلام کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے آل انڈیا ملی کونسل سہارن پور کے زیر اہتمام جامعہ رحمت (عربک کالج ) گھگھرولی میں منشیات پر ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کرتے ہوئے بڑھتی نشہ کی لت پر اظہار افسوس کیا گیا بعد میں نشہ کی بڑھتی لعنت کے خلاف ریلی بھی نکالی گئی۔ اس مو قع پر پروگرام کے نگراں مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی سکریٹری شعبہ دینی تعلیم آل انڈیا ملی کونسل سہارن پور نے تفصیلی گفتگو کے دوران عبدالمالک مغیثی نے بتایا کہ ہمیں اپنے گھروں سے نشہ کے خلاف مہم شروع کرنی چاہیے، ہم اپنے ارد گرد کے لوگوں اور نوجوانوں پر خصوصی نظر رکھیں اور اس بات کا عہد کریں کہ ہر آدمی منشیات مخالف مہم میں اپنا بھر پور تعاون کرے گا۔
مولانا نے پروگرام کے اہداف و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں منشیات پر پابندی اور اسے معاشرے کے لئے زہر قاتل قرار دینے کے باوجود ان کا استعمال اور خرید و فروخت کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہی ہوتا چلاجارہا ہے، آج ہر معاشرے میں منشیات کے عام رواج نے جو خطرناک شکل اختیار کرلی ہے خصوصا نوجوان نسل جس بری طرح سے اس سے متاثر ہوچکی ہے، وہ ہر صاحب عقل بالخصوص والدین کے لئے بےحد تشویشناک ہے انھوں نے منشیات کے استعمال کی وجوہات اور ان کے سدباب کے لئے راہیں بیان کرتے ہوئے کہا کہ اکثر بچے اور نوجوان، والدین کی لاپرواہی کی وجہ سے نشے کی لت کا شکار ہو جاتے ہیں اور بعض دفعہ غلط صحبت بچوں کے بگاڑ کا سبب بن جاتی ہے، ایک سبب ٹی وی پر دکھائی جانے والی مخرب اخلاق پروگرام والی فلمیں ہیں جو لت لگانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، منشیات کی وباء عام ہونے کی سب سے بڑی اور بنیادی وجہ یہ ہے کہ نوجوانوں میں ایمانی جذبات کمزور ہوگئے ہیں اور بے خوفی اورجرأت بڑھ گئی ہے، آخرت کی فکر اور بارگاہ ِرب العزت میں حاضری اور جواب دہی کا استحضار باقی نہیں رہا، معاشرےمیں بڑھتے ہوئے منشیات کے رواج کو ختم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ایمانی جذبات اور اللہ کا خوف پیدا کردیا جائے، برائیوں سے نفرت پیدا کرنے کا یہ سب سے کارگر نسخہ ہے، تجربات اورمشاہدات بیان کرتے ہیں کہ جو افراد قرآنی اور دینی تعلیم سے آراستہ ہوتے ہیں، تو وہ بالعموم جرائم سے محفوظ رہتے ہیں خاص طور سے نشے جیسی لعنت اور اس جیسے گناہوں سے تو بالکل الگ رہتے ہیں۔
پروگرام میں مستجاب زیدی، ہاشم بھائی، اسجد چودھری، پردھان عبدالقیوم، مولانا دلنواز قاسمی، مولانا سلمان قاسمی، قاری محمد جاوید کریمی ،ماسٹر محمد ارشاد، قاری محمد مستقیم کریمی، قاری محمد ریاست کریمی، قاری محمد اسجد جامعی، قاری محمد شاہ ویز جامعی،قاری محمد وسیم رحمتی، حافظ محمد ابراہیم رحمتی، قاری محمد ندیم بدری، قاری محمد اجود جامعی،مولانا محمد ارشاد قاسمی، مولانا حارث قاسمی، ، ماسٹر محمد انتظار اور دیگر حضرات شریک رہے۔
