بیدر۔ یکم اگست (محمدیوسف رحیم بیدری): سپریم کورٹ کے اس تاریخی فیصلے کے پیش نظر جمعرات کو شہر میں جشن ِ فتح منایا گیا جس میں کہا گیاہے کہ ریاستی حکومت درج فہرست ذاتوں اور قبائل میں سب سے پسماندہ ذاتوں کو روزگار اور تعلیم میں ریزرویشن فراہم کر سکتی ہے۔عدالتی فیصلے کا اعلان ہوتے ہی شہر کی مختلف مادیگا سماج کی تنظیموں کے قائدین نے پٹاخے پھوڑ کر اور مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے جشن منایا۔
مادیگاسماج کے قائدین نے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ اندرونی ریزرویشن کی فراہمی کے لیے گزشتہ کئی سالوں سے جاری جدوجہد کے نتیجے میں یہ فیصلہ دیا گیا ہے۔ آج کا دن درج فہرست ذاتوں کے لئے تاریخی دن ہے۔مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو داخلی ریزرویشن دینے کے لیے کئی درخواستیں کی گئیں۔ اس بارے میں ملک بھر میں بیداری پیدا کی گئی۔
انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ آخر کار سپریم کورٹ نے اندرونی ریزرویشن دے کر سماجی انصاف دیا ہے۔ممتازقائدین میں چندرکانت ہپلگاؤں، راجو کڈیال، فرنانڈیس ہپلگاؤں، سمنت کٹی منی، سیمن ہپلگاؤں، وجئے کمار ہپلگاؤں، پیٹر چٹگوپّہ، کملاکرہیگڈے، جاپھٹ کڈیال ، دیاساگر کڈیال، سی ایم۔ داس سمیت مختلف تنظیموں کے قائدین نے جشن فتح  میں شرکت کی۔اس بات کی اطلا ع ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے