مجیب مدنی

مملکت توحید سعودی عرب کے بانی و مؤسس شاہ عبد العزیز بن عبدالرحمن آل سعود رحمہ کے نام سے 1439ھ میں ایک عالمی حفظ قرآن کریم و تفسیر کے مسابقہ کا آغاز ہوا جو ہر سال بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ مکہ مکرمہ میں سعودی حکومت کے تعاون اور وزارت برائے دینی و دعوتی امور کے زیر نگرانی منعقد ہوتا ہے۔

سابقہ روایات کے مطابق امسال بھی 09 اگست سے مسجد حرام کے احاطے میں اس عظیم الشان مسابقے کا انعقاد کیا گیا ہے، جو پانچ دنوں تک چلے گا ۔

اس مسابقے میں 117 ممالک سے کوالیفائڈ حفاظ کرام شریک ہیں۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا حفظ قرآن کا انعامی مسابقہ ہے۔اس مسابقہ کے کل پانچ زمرے ہیں۔

پہلا زمرہ: قرآت سبعہ کے ساتھ مکمل قرآن حفظ مع تجوید ۔

دوسرا زمرہ: مکمل قرآن کریم کے حفظ کے ساتھ ساتھ مفردات قرآن کے معانی و تفاسیر ۔

تیسرا زمرہ: مکمل قرآن کریم حفظ مع تجوید

چوتھا زمرہ: پندرہ پارہ حفظ مع تجوید

پانچواں زمرہ: پانچ پارہ حفظ مع تجوید

ہر زمرے میں پوزیشن حاصل کر نے والوں کو پانچ لاکھ ریال سے لے کر پونے دو لکھ کے قریب انعامات سے نوازا جائے گا۔

اس کے علاوہ تمام مشارکین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انھیں تشجیعی انعامات دیے جائیں گےاور ساتھ ہی ان کے آمد و رفت اور قیام و طعام کا معیاری انتظامات ہوں گے۔

سعودی حکومت کو اللہ قائم و دائم رکھے یہ حکومت قرآن کی نشر و اشاعت اور اس کی خدمت پر سالانہ اربوں ریال خرچ کرتی ہے۔عالمی مسابقہ کے علاوہ پوری دنیا میں اپنے خرچ پر ہر سال درجنوں مسابقات کا انعقاد کراتی ہے اور مشارکین کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ یہ مملکت توحید کا بڑا ہی عظیم اور قابل رشک کارنامہ ہے کہ اس نے نوجوانان امت مسلمہ کو قرآن سے جوڑ دیا ہے اوران کے دلوں میں حفظ قرآن کا جذبہ پیدا کر دیا ہے ۔

اس کے علاوہ اس حکومت کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس نے اسلامی تاریخ میں سب سے زیادہ قرآن کریم کے نسخے شائع کرائے ہیں اور اسے دنیا کے گوشے گوشے میں مفت تقسیم کیا ہے۔

قرآن مقدس کی اس عظیم خدمت پر ہم خادم حرمین شریفین خادم کتاب و سنت شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود حفظہ اللہ اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود حفظہ اللہ اور دینی و دعوتی امور کے وزیر عالی جناب عبد اللطیف آل الشیخ/ حفظہ اللہ کے شکر گزار ہیں ساتھ ہی دعا گو ہیں کہ اللہ اس حکومت کو تا قیامت اسی طرح خدمت کتاب و سنت کی توفیق دیتا رہے اور ان کی خدمات کوشرف قبول فرمائے آمین ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے