لکھنؤ: دارالعلوم ندوۃ العلماء کے ناظم اعلیٰ اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر حضرت مولانا محمد رابع حسنی ندوی کے انتقال پر جماعت اسلامی ہند یوپی مشرق کے امیر ڈاکٹر ملک محمد فیصل فلاحی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت پیش کی اور صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
ملک فیصل فلاحی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مولانا رابع حسنی ندوی کے رخصت ہونے سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پر ہونا گرچہ بظاہر انتہائی مشکل ہے۔ آپ کی سربراہی میں مسلم پرسنل لاز کے تحفظ کے لیے جو کام ہو رہے تھے، وہ انتہائی اہم تھے۔ مولانا شفقت و محبت، عاجزی و انکساری، اتحاد و اتفاق اور تحمل و بردباری کا اعلی نمونہ تھے۔ ملک کی موجودہ صورتحال میں مولانا کا ہم سے رخصت ہوجانا ایک عظیم خسارہ ہے۔ اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ملت کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل سے نوازے۔ آمین۔
مذکورہ اطلاع جماعت اسلامی ہند، یوپی مشرق کے میڈیا سیل نے جاری ایک پریس ریلیز میں دی۔

