فتنہء ارتداد امت مسلمہ کے لئیے لمحہء فکریہ
ڈاکٹر عبد اللہ فیصل کی خاص رپورٹ:
بتاریخ ۲۹ اپریل بروز سنیچر ۲۰۲۳ بمقام برد ہوا تولہوا کپل وستو نیپال ایک عظیم الشان اجلاس عام منعقد ہوا جسکی صدارت راسخ فی العلم فضیلۃ الشیخ عبدالحلیم مدنی صاحب استاد شرہء آفاق ادارہ جامعہ سلفیہ بنارس نے کی اور اپنے افتتاحی کلمات سے اجلاس کا آغاز کیا ـ کلیہ بدر العمیری للبنات کے افتتاحی پروگرام میں شاندار عربی میں تاثرات رکھے اور عرب شیوخ کا تعارف کرایا ان کے تعاون اور کارکردگی کو سراہا نیز شکریہ ادا کیا ـ اور کویت کے شیوخ کی عربی کے تاثرات کو اردو قالب میں ڈھالا (ان کی تقریر کا اردو زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا) پروگرام کے پہلے مقرر مولانا خورشید احمد سلفی صاحب (شیخ الجامعہ جھنڈانگر نیپال ) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ضرورت ہے ایسے اداروں کے قیام کی جہاں بچیوں کی دینی تعلیم دی جائے اور امور خانہ داری بھی سکھائی جائے اور ان کی عزت عفت کی حفاظت ہو ان کو باحجاب رکھا جائے ـ
مولانا نسیم احمد مدنی صاحب نے فتنہء ارتداد کےتعلق سے قوم کو آگاہ اور بیدار کیا اور کہا کہ ہماری بچیاں آج اغیار کی شکار ہورہی ہے ـ ان کے پنجہء استبداد میں گرفتار ہوکر اپنے ایمان وعقیدے کا سودہ کر رہی ہیں یہ مسلم معاشرے کے لئے نہایت ہی افسوسناک وشرمناک بات ہے اس پر سختی سے عملی اقدام کی ضرورت ہے ـ اس کے روک تھام کے لئے خواتین میں بھی بیداری پیدا کی جائے ـ مولانا عبد الرحیم مدنی روح رواں (جامعہ مطلع العلوم ڈمرا) نے تعلیم کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالتے ہوءے کہا کی مولنا اطہرمدنی صاحب کا یہ مستحسن قدم ہے کی بچیوں کی تعلیم وتربیت کا یہ بیڑہ اٹھایا ہے یہ مبارکباد کے مستحق ہیں ـ
شعلہ بار مقرر مولانا مطیع اللہ مدنی صاحب (مدیر نور توحید جھنڈانگر نیپال) نے تعلیم پر انتہائی پر مغز خطاب کیا ـ انہوں کہا کہ آج تعلیم نسواں پر بہت زور دیا جارہا ہےـ اس کی ضرورت ہے لیکن تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کا بھی خاص خیال رکھا جائے تاکہ ہما را معاشرہ صالح معاشرہ کہلائے ـ معاشرہ کی تشکیل و ارتقاء میں خواتین اہم ترین کردار ادا کر سکتی ہیں اسلئے تعلیم نسواں کی ضرورت ہے ـ مولانا پرویز مدنی نے بھی تعلیم پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ایک تعلیم یافتہ عورت پورے معاشرے، پورے گھر کو جنت نما بنا سکتی ہے ـ
کویت کے شیوخ نے بھی اپنے زریں تاثرات رکھے اور کہا کہ بڑی خوشی و مسرت حاصل ہوئی یہاں آکر ـ ایسے ادارے ملت اسلامیہ کے لئیے انتہائی ضروری ہیں ـ ملک نیپال ایک جمہوری ملک ہے ـ امن وشانتی کا گہوارہ ہے ـ ہم یہاں امن وشانتی کی خوشبو محسوس کرتے ہیں ـ مولانا اطہر مدنی صاحب نے اچھا کام کیا ہے ہم برابر اس ادارے کا تعاون کرتے رہیں گے ـ اجلاس کے منتظم مولانا اطہر مدنی صاحب نے مہمانوں کا شاندار استقبال کیا اور شکریہ کے کلمات کہے ـ
اجلاس کے خصوصی مقرر مولانا جرجیس سراجی صاحب نے شاندار ولولہ انگیز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے انسانوں اور جنوں کو اپنی عبادت کے لئے پیدا کیا ـ انہوں نے مختلف مثالوں سے سمجھایا، جرجیس سراجی صاحب نے کہا خواتین کی تعلیم پر زور دینے کی ضرورت ہے ـ خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم پر ہم زور اس لئے دیتے ہیں تاکہ معاشرہ مہذب بنے اور بچوں کی تربیت پر اس کے خاص مثبت اثرات مرتب ہوں۔ مسلم سماج میں وقار اور تہذیب ہو ـ پہلے لڑکیاں گھر ہی میں کچھ پڑھنا لکھنا سیکھ لیتی تھیں جو ایک خاص مقصد کے لیے مفید ہو سکتا تھا ـ لیکن آج باقاعدہ کثرت سے نسواں ادارے کھل رہے ہیں ـ جہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ گھریلو امور فن خطاطی، کوکنگ میں مہارت کی تعلیم دی جاتی ہے ـ
مولانا عبد الحلیم مدنی صاحب نے صدارتی خطبے میں کہا کہ ہم آپ لوگوں کے ممنون ومشکور ہیں کہ آپ لوگ بڑی تعداد میں تشریف لائے اور پروگرام کو کامیاب بنایا ـ اب ضرورت آن پڑی ہے کہ اپنی بچیوں کو اس ادارہ میں داخل کر کے دینی تعلیم اور عمدہ تربیت دلائیں ـ جمعیت اہل حدیث کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی صاحب نے شاندار نظامت کی اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا ـ ممتاز اسلامی شاعر سالک بستوی صاحب نے شاندار نظم استقبالیہ پیش کیا ـ سامعین محظوظ ہوئے ـ اثیر الدین صاحب نے بھی اپنے منظوم کلام سے نوازا ـ
پروگرام میں مولانا عتیق الرحمان ریاضی، ڈاکٹر فرید سلفی، ڈاکٹر عبد اللہ فیصل ایڈیٹر المصباح ممبئ، شمس غفاری، مولانا عبد العظیم مدنی ایڈیٹر نور توحید مولانا نظام الدین سلفی اور دیگر علماء نے شرکت کی ـ اللہ کے فضل وکرم سے اجلاس انتہائی کامیاب رہا۔ پروگرام کی کامیابی کے لئے صرف اتنا ہی کہ مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے وسیع وعریض جگہ کو ناکافی بنا دیا تھاـ

