سنت کبیر نگر (رپورٹ محمد رضوان ندوی) :

دارالعلوم الاسلامیہ بستی کے مایہ ناز و موقر استاذ اور سابق صدر المدرسین مولانا نثار احمد قاسمی ساکن گلرہا سنت کبیر نگر کے چچا زاد بھائی مولانا عزیز الرحمن صاحب قاسمی تقریبا 62 سال کی عمر میں ایک ہفتہ مسلسل بیہوشی کی حالت میں رہ کر اس دار فانی سے کوچ کر گئے۔

نماز جنازہ 1 مئی بروز پیر 10 بجے دن میں ادا کی گئی، جنازہ کی نماز ان کے چھوٹے بھائی قاری صدر الدین نے پڑھائی،

مولانا عزیز الرحمن قاسمی کے انتقال سے ضلع اور اطراف کی علمی فضا سوگوار ہو گئی، بہت سی سیاسی، علمی اور سماجی شخصیات نے ان کے سانحہ ارتحال پر گہرے دکھ درد کا اظہار کیا ہے، مولانا غفران احمد ندوی صدر مدرس مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن سمریاواں سنت کبیر نگر نے تعزیت پیش کرتے ہو ئے کہا کہ مرحوم اللہ کا دیا ہوا بہت بڑا انعام و عطیہ تھے، اللہ نے دنیا کے جھمیلوں سے آزاد کرکے اپنے پاس بلا لیا، مولانا کا سانحہ ارتحال خود میرے لئے بھی بہت تکلیف دہ ہے کیوں کہ مرحوم میری ہمیشہ حوصلہ افزائی فرماتے تھے اور بڑی شفقتوں سے نوازتے تھے۔انھوں نے کہاکہ مرحوم بہت سادہ دل ،خلیق ،کم گو اور نیک سیرت انسان تھے پوری زندگی خدمت خلق اور امامت کے فرائض کی انجام دہی میں گزار دی ، تلاوت قرآن کریم کا خاص اہتمام اور شوق وشغف اس حد تک تھا کہ ہر نماز کیلئے سب سے پہلے مسجد آجاتے اور تلاوت میں مشغول ہو جاتے اور سب سے بعد میں مسجد سے نکلتے تھے، ہر حالت میں اللہ کے شکر گزار رہتے تھے، مشکل حالات میں بھی کبھی زبان پر حرف شکایت نہیں لاتے۔

حافظ اعجاز احمد معاؤن منیجر صدف کلاتھ ہاؤس امرڈوبھا نے کہا کہ مشترکہ خاندانی نظام میں اکثر گھر کے افراد کو ایک دوسرے سے شکایت ہوجاتی ہے ،بہت کم اور نادر کوئی ایسا بچ پاتا ہے جس سے کسی کو کوئی شکوہ نہ ہو مرحوم ان خوش نصیبوں میں سے تھے جن سے کسی کو کوئی شکوہ شکایت نہیں ،سادہ طبیعت ،خوش اخلاق اور مخلص انسان تھے ،گھر والوں رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے نزدیک حقیقی معنوں میں بہتر وبرتر تھے۔ مدرسہ تعلیم القرآن سمریاواں کے مہتمم مولانا منیر احمد ندوی نے کہا کہ قحط الرجال کے زمانے میں نیک علماء کا اٹھ جانا بڑی محرومی کی بات ہے، اللہ تعالیٰ نعم البدل عطا فرمائے. مفتی مسعود احمد قاسمی، مولوی عتیق الرحمن ،ڈاکٹر مولانا محمد ساجد قاسمی ،مولانا عبید الرحمن ، مولانا قمر الزماں ندوی ،قاری اعجاز احمد ،مولانا صادق علی قاسمی ندوی وغیرہ نے بھی مولانا عزیز الرحمن قاسمی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا.

جنازہ میں مسعود احمد رشیدی ،مولانا محمد حسان قاسمی ، حافظ عبد اللہ ،مولانا ھدایت اللہ قاسمی ،فیروز احمد صدف کلاتھ ہاؤس کے علاوہ علاقہ کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور نم آنکھوں کے ساتھ آبائی قبرستان گلرہا میں سپرد خاک کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے