بیدر۔ 13؍اکٹوبر (محمدیوسف رحیم بیدری): جناب صابرعلی نظامی امام وخطیب مسجد سردارواسمعیل بی ، مستعید پورہ بیدر نے آج بعدنماز جمعہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی غیبی مدد کے لئے دعا کی۔ جس پرہزاروں مصلیان مسجد نے آمین کہا۔دُعا سے قبل جمعہ پڑھنے آئے مصلیان مسجد کے ایک کثیراجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا صابر علی نظامی نے کہاکہ ہم فلسطین کی صورتحال کااندازہ نہیں لگاسکتے۔ ہماری دعاؤں کی وہاں کے غیور مسلمانوں کو سخت ضرور ت ہے۔ہم یہاں اطمینان سے زندگی گزار رہے ہیں اور وہاں کے فلسطینی مسلمان جنگ کے مہیب سایوں میں مجاہدانہ زندگی گزار رہے ہیں۔ان کی اولادیںان کے نگاہوں کے سامنے جام ِ شہادت نوش کررہی ہیںلیکن ان کی زبان پر حرف ِشکایت تک نہیں ہے۔ صرف ’’لبیک‘‘کانعرہ ہے۔
مولانا نے مزید زور دے کر مصلیان سے کہاکہ جہاد کیلئے ہم کبھی آگے نہیں بڑھ سکتے ۔ کیوں کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے ز یادہ ہم اس دنیا اور اپنی اولادوں سے محبت کرتے ہیں۔ اللہ اور اس کے رسول سے ہمیں محبت کم ہے۔ جب کہ اللہ نے اس دنیا کو کبھی محبت کی نظروں سے نہیں دیکھا۔افسوس کہ ہم اس دنیاسے محبت کررہے ہیں۔
