مدرسہ اسلامیہ سنت العلوم شہاب پور میں تکمیل حفظ قرآن کے موقع پر دعاٸیہ تقریب منعقد
بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): مدرسہ اسلامیہ سنت العلوم شہاب پور، بارہ بنکی میں تکمیل حفظ قرآن کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی سرپرستی منیجر مدرسہ حاجی اعجاز حسین قادری اور صدارت پرنسپل مدرسہ حضرت مولانا محمد فیضان رضا جامعی نے کی، تقریب کو خطاب کرتے ہوئے حضرت مفتی محمد عامر اسمعیلی پرنسپل مدرسہ کلیہ البنات شہاب پور نے کہا کہ قرآن کریم الله جل جلالہ کا پاکیزہ کلام ہے جو پوری انسانیت کی رہنمائی کے لیے نازل فرمایا گیا ہے اسی میں ہماری کامیابی کا راز پوشیدہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ حافظ قرآن کا مقام و مرتبہ بہت بلند ہے ایک حافظ باعمل کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب قیامت میں کوئی سفارش کے لیے تیار نہیں ہوگا تو ایسے میں حافظ قرآن کی سفارش پر اللہ تعالیٰ ایسے 10 افراد کو جنت میں داخل فرمائے گا جن پر جہنم واجب ہو چکی ہوگی ۔ آخر میں مفتی محمد عامر نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو حافظ قرآن بنائیں تاکہ وہ ہماری سفارش کا ذریعہ بن سکیں ۔
تقریب میں مدرسہ ھذا کے طالب علم عبداللہ ابن محمد انوار مقام شهاب پوربارہ بنکی و شمس الدین ابن ریاض الدین مقام سلطان پور اور محمد شاهنین ابن محمد شافع مقام رام پور کٹرہ بارہ بنکی نے اپنے استاد حضرت حافظ و قاری عبداللطیف رضوی بہرائچی کی زیر نگرانی میں تکمیل حفظ کی سعادت حاصل کی ۔ اس موقع پر قاری محمد تنویر، حافظ ابوبکر، حافظ دلدا، مولانا محمد مقیم ، ماسٹر محمد شکیل ، ماسٹر محمد فرحان ، ماسٹر محمد توقیر و جملہ اسٹاف مدرسه هذا موجود رہے۔ تقریب کا اختتام دعا پر ہوا۔
