- الجامعۃ الاسلامیہ تلکہنا کے سینئر استاذ مولانا عبدالرحیم اصلاحی کا انتقال
- نماز جنازہ میں عوام و خواص کے علاوہ قرب و جوار کی کثیر تعداد رہی شریک
سدھارتھ نگر(ایم اے جے نیوز): شمالی ہند کے معروف و مشہورنیز حکومت اتر پردیش سے امداد یافتہ مدرسہ الجامعۃ الاسلامیہ تلکہنا، شیوپتی نگر، سدھارتھ نگر کے سینئر استاذ جناب مولانا عبدالرحیم اصلاحی کا گذشتہ 31؍جنوری 2024 کو بوقت 11 بجے دن انتقال ہوگیا تھا۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔
موصوف ادارہ کے سینئر استاذ تھے، کافی محنتی، خوش اخلاق ہونے کے ساتھ ساتھ ذمہ داریوں کو بخوبی نبھانے والے تھے۔ مولانا موصوف کا ہر کام نہایت ہی سلیقہ کا ہوا کرتا تھا، مولانا طلباء اور ذمہ داران کے درمیان یکساں مقبول تھے۔ یہی وجہ ہے کہ اپنے پاس کوئی باقاعدہ عہدہ نہ ہونے کے باوجود بھی ذمہ داران کے قریب ہوتے تھے اور اپنی مفوضہ تمام ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دیتے تھے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مولانا عبد الرحیم اصلاحی نے ابتدائی تعلیم بحرالعلوم انتری بازار، سدھارتھ نگر اور عالمیت الجامعہ الاسلامیہ تلکھنا، شیوپتی نگر، سدھارتھ نگرجبکہ فصیلت کی تعلیم مدرسہ الإصلاح سرائے میر اعطم گڑھ سے مکمل کی۔ تعلیمی فراغت کے فوراً بعد ہی الجامعۃ الاسلامیہ تلکہنا، شیوپتی نگر، سدھارتھ نگر میں درس و تدریس میں لگ گئے، جہاں سن 1994 تا حال بحیثیت نائب مدرس فوقانیہ اپنی خدمات خوش اسلوبی سے انجام دیتے رہے۔
موصوف تین سال پہلے کینسرکے مرض میں مبتلا ہوئے تھے، انہوں نے اس کا ممبئی میں آپریشن بھی کرایا تھا جو ماشاء اللہ کامیاب بھی تھا۔ لیکن ابھی تقریباً ایک مہینہ پہلے دوسرا اٹیک ہوا، جس سے مستقل نبردآزما تھے، اورتمام تکالیف کے باوجود اپنی خدمات انجام دیتے رہے جو ان کے حسن کارکردگی کی واضح مثال ہے۔ ابھی کل 31؍جنوری 2024 ہی کی تو بات ہے کہ وہ اسکول سے گھر واپس لوٹے تھے اور دوسرے دن 1؍فروری 2024 کو بوقت 11 بجے دن ان کا انتقال ہوگیا۔
باوثوق ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق نماز جنازہ مرحوم کے بیٹے مولانا نعمان حیدر فلاحی (وصیت کے مطابق) کی امامت میں شام 00 :6 بجے ادا کی گئی اور بعدہ تجہیز و تکفین آبائی گاؤں انتری بازار، سدھارتھ نگر میں عمل میں آئی۔
سردی کا موسم ہونے کے باوجود کثیر تعداد میں دور و قریب کے لوگ شریک رہے۔ شرکاء جنازہ میں خصوصیت سے تلکھنا مدرسہ کے پرنسپل مولانا عبدالسلام سلفی، سرپرست مدرسہ مولانا محمد اختر فلاحی، مولانا عبد الاول ندوی، مولانا اقبال فیضی، مولانا کرم حسیں فلاحی، مولانا اظہرالدین فلاحی، مولانا رحمت اللہ مصباحی، ماسٹر جمال الدین اور ماسٹر ابو الاعلی کے علاوہ مدرسہ کے دیگراساتذہ و طلبہ، جماعت اسلامی ہند کے ناظم ضلع سدھارتھ نگر مولانا عبید اللہ فیضی، قرب و جوار کے دیگر مدارس کے اساتذہ و طلباء کے ساتھ ساتھ انتری و قرب و جوار کے لوگ شامل رہے۔
الجامعۃ الاسلامیہ تلکہنا، شیوپتی نگر سدھارتھ نگر کے مینیجرمولانا صبغۃ اللہ عمرصاحب نے مولانا موصوف کے سانحۂ ارتحال پر اپنے تعزیتی پیغام میں گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی ان کی نیکیوں اور طاعات وعبادات کو شرفِ قبولیتِ بخشے اوربشری لغزشوں کو در گذر کرتے ہوئے جنت الفردوس کا مکین بنائے اورجملہ لواحقین و اہل خانہ کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے، آمين۔
