از قلم: عرفان افضل، بنگلور 
نمائش
وہ ہر سال اپنے محلہ میں بہترین اور مہنگی قربانی کے جانورخریدنے کے لئے مشہور تھا۔ امسال اس نے عام قیمت والا جانور خریدکر پورے محلہ کو چونکا دیا۔ ایک قریبی دوست نے وجہ معلوم کرنا چاہی تو جواب آیا "اب تک نمائش کرتا رہا تھا لیکن اس سال قربانی کا ارادہ ہے”۔
۔دوست نے جواباً کہا "بے شک اللہ کب کسے راہِ راست پر لائے یہ وہی جانے”
******
انتظار
وہ دونوں کافی دیر سے گھر کے باہر انتظار کر رہے تھے۔ گھر کے مالک نے وہیں کھڑے رہنے کے لئے تاکید جو کی تھی۔ ان دونوں کے نظروں کے سامنے سے کئی بار اور کئی لوگ تھیلے بھر بھر کے گوشت لیے جا رہے تھے اور یہ دونوں آب بھی کافی دیر سے اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے۔ اب ہمت نے جواب دے دیا تھا جیسے ہی وہ دونوں واپسی کے لئے پلٹے گھر مالک نے آواز دی "یہ ادھر آ یہ پورا آنگن صاف کر تمہیں گوشت دوں گا”۔ دونوں نے   ایک دوسرے کو مسکرا کر دیکھا اور اپنی راہ نکل گئے۔
******
اللہ کا نمبر
عید الضحی کی مسرت ہر طرف چھائی ہوئی تھی۔ بڑی خوشی کی بات یہ تھی کے اس سال قربانی سڑکوں پر یا عوامی مقامات پر نہیں ہو رہے تھے۔ علمائے کرام کی محنت اچھی طرح نظر آرہی تھی۔   مولانا صاحب ایک ذبح ہوتے ہی دوسرے جانور کی ذبح کرنے جا رہے تھے کہ اچانک ایک صاحب نے روک کر پوچھا "مولانا کیا میں قربانی کا جانور یا قربانی کا گوشت واٹس ایپ یا دیگر سوشل میڈیا پر بھیج سکتا ہوں۔” مولانا فورآ رکے گویا وہ اسی سوال کے منتظر تھے فرمایا "آپ دنیاوی سوشل میڈیا چھوڑ کر راست اللہ تعالیٰ کو واٹس ایپ کریں یہ درست ہوگا”۔ اُن صاحب نے تعجب سے پوچھا "راست اللہ کو واٹس ایپ یہ کیسے ممکن ہے اور کون سا نمبر ہے؟”. مولانا نے مسکرا کر جواب دیا "تقوی اللہ تعالیٰ کا راست نمبر ہے آپ وہیں رجوع کریں” اور تیزی سے دوسرے
جانور کی قربانی کے لئے آگے بڑھ گئے۔
******

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے