سدھارتھ نگر 25جون(پریس ریلیز): اسی ماہ کے پہلےھفتہ میں ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی کی قیادت میں سہ رکنی وفد مولانا عبدالرب سلفی، نائب ناظم ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر، مولانا امیراللہ یوسفی، مبلغ ضلعی جمعیت اورعزیزم شاہد سلمہ نے جماعت کے بزرگ عالم دین اورزبان وقلم کے دھنی مولانا مطیع اللہ سلفی،شاکرڈیہہ،ضلع سدھارتھ نگر،یوپی کے دولت کدہ بمقام مدھوبینیا چوراہا ان کی زیارت وملاقات کی سعادت حاصل کی،آپ نےاس موقر وفد کا والہانہ‌خیرمقدم واستقبال کرتےہوۓ اپنی مسرت وشادمانی کااظہار کیا اورکہا کہ میں اس وقت روبہ صحت ہوں، طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔

(مولانا وصی اللہ مدنی ناظم ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر جن کی قیادت میں مولانا اشفاق سنابلی کی عیادت کی گئی)

شیخ موصوف کی عیادت کےبعد جمعیت کا یہ وفد جامعہ اسلامیہ سنابل،نئی دہلی کے فیض یافتہ، سنجیدہ عالم دین اور خوش فکر شاعر مولانا اشفاق سنابلی کی عیادت کے لیےان کے گھر گیا لیکن سوۓ اتفاق کہ مولانا دواکےلیے گورکھپور گئے ہوۓتھے، جس کی وجہ سے ملاقات سے محرومی رہی۔ آج دوبارہ ناظم ضلعی جمعیت ان کی عیادت وتیمارداری کی خاطر ان کے گھرگئے، وہ کئی ماہ سےصاحب فراش اورایک موذی ومہلک مرض کے شکار ہیں، ماہر معالج کے زیرعلاج ہیں، جسم میں حددرجہ نقاہت اور کمزوری ہے، مختلف عوارض اور پریشانیوں کا سامناہے، تاہم‌ زبان وبیان کی سلاست و روانی اور رب ذوالمنن کے فیصلے پر رضامندی دوسرےلوگوں کے لیے باعث عبرت وموعظت ہے۔ ناظم ضلعی جمعیت نے کہا کہ ان کی دردبھری بیماری کی روئیدادسن کرمیری آنکھیں نم ہوگئیں، آج ان کی صحت ٹھیک تھی، ان کی خواہش کے پیشِ نظر مختلف موضوعات پرمختصرگفتگو بھی ہوئی، رخصت ہونے سے پیشتر میں نے شرعی دم کرتے ہوۓ صحت کامل اورشفاۓعاجل کےلیے دعائیں کیں۔ یقیناً آپ سخت آزمائش کے دورسے گزررہے ہیں، بقدروسعت اور سہولت علاج جاری ہے، تاہم وہ آپ کی مخلصانہ دعاؤں کےسخت محتاج ہیں۔
تمام قارئین باتمکین اورمولانا موصوف کے مخلص احباب اور قرابت داروں سے میری دردمندانہ اپیل وگزارش ہے کہ برادرعزیزکی مکمل صحت اور شفاء یابی کے لیے اللہ سے پرخلوص دعا کریں۔ بارالہا! ان کو بعافیت رکھےاور صحت کاملہ اور عاجلہ عطا فرمائے۔ آمین!
"لَا بَأْسَ طَهُورٌ إِنْ شَاءَ اللَّهُ”
"اللَّهُمَّ رَبَّ النَّاسِ، أَذْهِبِ الْبَاسَ، اشْفِهِ وَأَنْتَ الشَّافِي، لَا شِفَاءَ إِلَّا شِفَاؤُكَ، شِفَاءً لَا يُغَادِرُ سَقَمًا”.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے