ہفتہ واری اجتماع منعقدہ مسجد قباء بیدر سے اقبال الدین انجینئر کا خطاب 
بیدر۔ 17؍اگست (نامہ نگار): شخصیت پرستی کی ایک بڑی وجہ غلو ہے ۔ اسے اسلام میں سخت ناپسندیدہ قرار دیاہے۔ کسی شخص کی اتنی تعریف کرنا یا اس کی اتنی مذمت کرنا جس کی وہ مستحق نہ ہو، غلو کہلاتاہے۔ جس کاذکر سورہئء نساء 171میں اس طرح ہے ’’اے اہل ِ کتاب ! اپنے دین کے بارے میں حدسے نہ گزرجاؤ اور اللہ پر حق کے بجز کچھ نہ کہو‘‘ ان خیالات کااظہار اقبال الدین انجینئر نے تربیتی اجتماع منعقدہ مسجد قباء بیدر سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ اور فرمایاکہ دینی معلومات میں کمی بھی شخصیت پرستی کی وجہ بن جاتی ہے۔ قرآن وسنت کامطالعہ کرنے سے ہی ہمارے اندر تقویٰ پیدا ہوتاہے۔ تب ہی ہم گناہوں سے بچ کر زندگی گزار سکتے ہیں۔ اللہ کے رسول  ﷺ کی حیات ِ طیبہ کاجب ہم مطالعہ کرتے ہیں تو وہاں ہمیں یہ بات صاف طورپر دیکھنے کوملتی ہے کہ آپ  ﷺ نے دین کے معاملے میں ہمیشہ اعتدال کی راہ کو اختیار کیا۔ ہمیں چاہیے کہ سماج میں مل جل کر جیناسیکھیں۔ عقلمند وہی ہے جو لوگوں کی اچھی باتوں کولے لے اور بری باتوں کو چھوڑ دے(سورہ الجاثیہ، آیت 21) ، میں فرمانِ الٰہی ہے’’کیاوہ لوگ جنہوں نے برائیوں کاارتکاب کیاہے یہ سمجھے بیٹھے ہیں کہ ہم انہیں اور نیک عمل کرنے والوں کو ایک جیساکردیں گے۔ اقبال الدین انجینئر نے اپنے اختتامی خطاب میں پیارے نبی کریم  ﷺکے اخلاق واوصاف بیان کرتے ہوئے کہانبی کریم ایسے جمال خلق اور کمال ِ خلق سے متصف تھے جو حیطہ ء بیان سے باہر ہے۔ اس جمال وکمال کااثریہ تھاکہ دل آپ  ﷺ کی تعظیم اورقدرومنزلت کے جذبات سے خود بخود لبریز ہوجاتے تھے۔ صحابہ کرام ؓ وارفتگی کی حدتک آپ سے محبت کرتے تھے۔ حضرت علیؓ  آپ  ﷺ کاوصف بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں ۔ آپ ﷺ کے دونوں کندھوں کے درمیان مہر نبوت تھی ۔ آپ  ﷺ سارے انبیاء کے خاتم تھے۔ اور آپ  ﷺ سب سے زیادہ نرم طبیعت اور سب سے شریف ساتھی تھے۔ جو آپ کو اچانک دیکھتا ہیبت زدہ ہوجاتا۔ جو جان پہچان کے ساتھ ملتا محبوب رکھتا۔ آپ  ﷺ کے اخلاق سب سے بہتر تھے۔ اللہ نے آپ  ﷺ کو بے نظیر ادب سے نوازاتھا۔ حتیٰ کہ اللہ نے خود آپ کی تعریف میں فرمایا’’ یقیناآپ  ﷺ عظیم اخلاق پر ہیں ‘‘ نبی کریم  ﷺ کے خانگی حالات کو امت تک پہنچانے کاسہرا ، زیادہ تر حضرت عائشہ  ؓ کے سر ہے۔ جنہوں نے نبی کریم کے افعال واقوال خوب خوب روایت کئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے