جلسہ سیرت النبیﷺ منعقدہ مسجد قباء بیدر سے اقبال الدین انجینئر کا خطاب
بیدر۔ 5؍ستمبر (نامہ نگار): اسلام تمام انسانوں کے لئے ہے۔ علم قرآن ہے اور اخلاق حضور ﷺ کی زندگی ، حضور ﷺ کی عظمت یہ ہے کہ آپ ﷺ خاتم النبیین ، سراج منیرااور رحمت للعالمین ہیں۔ سراج منیر یعنی آپ ﷺ آفتابِ نبوت اور ہدایت ہیں۔ جس کے طلوع ہونے کے بعد کسی دوسری روشنی کی ضرورت نہیں رہی۔
ان خیالات کا اظہار جناب اقبال الدین انجینئر نے جلسہ سیرت النبیؐ منعقدہ مسجد قباء بیدر سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ اور موصوف نے بتایاکہ سورۂ حشر میں فرمانِ الٰہی ہے: ’’حقیقت یہ ہے کہ جولوگ اپنے دل کی تنگی سے بچالئے گئے وہی فلاح پانے والے ہیں‘‘موجودہ حالات ایثار کا تقاضہ کرتے ہیں ۔ ایثار یعنی اپنی ضرورت پر دوسروں کی ضروریات کو ترجیح دینا۔ کیوں کہ ایثار ہی وہ پانی ہے جو خودغرضی کی آگ کو بجھاسکتی ہے۔ مخلوق اللہ کاکنبہ ہے۔ حضور ﷺ سے محبت ہی قربِ الٰہی ہے ۔ کیوں کہ قرآن آپ ﷺ کی عظمت کی گواہی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے آپ کے حلم وکرم اور عفو وصفح کی اور صلح کی صفت کی گواہی اس طرح دی ہے ۔ فرمایا’’ ہمارے پیغمبر ؐ شروفساد کی کوئی بات نہیں سنتے جو بھی سنتے ہیں تمہاری بھلائی کے لئے سنتے ہیں اور آپ ؐ رحمت ہیں ان کے لئے جوتم میں اہل ِ ایمان ہیں‘‘۔
