کلبرگی
8/ستمبر.(محمدیوسف رحیم بیدری): چیف منسٹر کے سیاسی مشیر بی آر پاٹل نے کلیان کرناٹک کی ترقی کے لئے تقریبا 16 امور پر بات کی ، جس میں علاقہ کلیان کرناٹک کی ہمہ جہتی ترقی اور دفعہ 371 (جے) کے مؤثر نفاذ شامل ہیں۔
پاٹل کے ساتھ کلیان کرناٹک ہوراٹا سمیتی کے عہدیداران ، دانشوران ماہرین اور ممتاز شخصیات کا ایک مشاورتی اجلاس کلیان کرناٹک ہوراٹا سمیتی کے زیر اہتمام ایوان شاہی گیسٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اس اہم اجلاس میں کمیٹی کے بانی چیئرمین لکشمن دستی نے دفعہ 371 (جے) کے نفاذ کے دس سالہ تقریبات کے موقع پر ایک دہائی بعد کلبرگی میں حکومت کے کابینی اجلاس کے انعقاد کا خیر مقدم کیا اور کلیان کرناٹک کے آرٹیکل 371 (جے) کے مؤثر نفاذ اور آبپاشی، صنعت، سڑکوں، نقل و حمل، تعلیم، ریلوے، سیاحت وغیرہ سمیت تمام شعبوں کی ترقی سے متعلق 16 نکات پیش کیے۔ اس کے علاوہ پروفیسر آر کے ہوٹگی۔ ڈاکٹر بسوراج کمنور، ڈاکٹر ماجد داغی ، ڈاکٹر منظور دکنی، پروفیسر سریش کمار، جناب رؤف قادری ڈاکٹر گروبسپا، نے علاقہ کلیان کرناٹک کے مختلف مسائل کی یکسوئی کو یقینی بنانے کے لئے موثر تجاویز پیش کیں۔ ایم ایل اے بی آر پاٹل نے کلیان کرناٹک کے مسائل پر طویل اظہارِ خیال کیا ۔

انہوں نے کلیان کرناٹک کی ہمہ جہتی ترقی اور سات اضلاع میں آرٹیکل 371 (جے) کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے ضلع کے انچارج وزیر پریانک کھرگے کے ساتھ تبادلہ خیال کا ارادہ ظاہر کیا اور یقین دلایا کہ وہ کلبرگی میں ہونے والی کابینہ کی میٹنگ میں اہم فیصلے لینے کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرنے کی راہ ہموار کرینگے۔ انہوں نے اس اجلاس کے ذریعے سات اضلاع کے دانشوروں سے خصوصی اپیل کرینگے کہ وہ ہوراٹا سمیتی کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے نظریات کی بنیاد پر مسلسل جدوجہد ، سیمینارز اور ورکشاپس کے انعقاد میں تعاون کرینگے. صدر اجلاس و اعزازی چیئرمین بسوراج دیش مکھ نے کہا کہ ایم ایل اے بی آر۔ پاٹل کی تجویز کے مطابق ستمبر کے دوسرے ہفتہ میں شرن بسوا یونیورسٹی میں ترقیات سے متعلق ایک نئے ماڈل پر سیمینار منعقد کیا جائے گا جس میں دانشور اور مفکرین شامل ہوں گے۔ مجوزہ کابینی اجلاس میں کلیان کرناٹک کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایجنڈے پر مشاورت مفید ہوگی، اور اس خصوص میں ضلع انچارج وزیر کو واقف کیا جائے گا.
انہوں نے کہا کہ ضلع انچارج وزیر کے کلبرگی کے دورے کے موقع پر یہ تجویز دوبارہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میٹنگ میں اشوک گروجی، کیلاش ناتھ دکشتا، اختر انعامدار، ابھیشیک پاٹل، آنند دیش پانڈے، بھیم شیٹی مُکّا، اسلم چونگے، شری دھر پاٹل، مہیش برادر، شیوانند پاٹل، رویندر دوڈمنی اور کئی دیگر موجود تھے۔
