گونڈہ: حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی واحد مقدس اور پاکیزہ ہستی ہے کہ آپ کی ولادت با سعادت سے قبل ہی آپ کا تذکرہ کیا گیا ، آپ کا تذکرہ کرنا اللہ کا طریقہ ہے کیونکہ قرآن عظیم الشان میں اللہ عزوجل نے اپنے محبوب نبی کا خوب تذکرہ کیا ہے ، اور فرمایا ہے : ہم نے آپ کے تذکرے کو بلند کر دیا ، سرور کونین ﷺ کی مقدس زندگی کو بیان کرنا اور سننا باعث اعزاز ہے، مذکورہ باتیں کرنیل گنج کے قریب پٹھان پوروہ میں جلسہ سیرت النبی ﷺ کے انعقاد کے موقع پر مسجد ناصر العلوم اسٹیشن روڈ بڑگاؤں گونڈہ کے امام و خطیب مولانا مقیت احمد قاسمی نے کہیں۔

آپ نے کہا : کہ جس طرح اللہ عزوجل معبودیت میں وحدہ لا شریک ہیں اسی طرح ہمارے آقا محبوب صلی اللہ علیہ وسلم عبدیت میں وحدہ لا شریک ہیں ، ہمارے نبی کے کمالات اور خوبیوں کو مسلمان ہی نہیں بلکہ غیر مسلموں نے بھی خوب بیان کیا ہے سو عظیم شخصیات نام کی کتاب لکھ کر عیسائی ہوتے ہوئے بھی ہمارے نبی کو اپنی کتاب میں اولیت جگہ دی ہے، ایک فرانسیسی اسکالر ہینگری نے ہمارے نبی کے علمی انقلاب کو خوب اجاگر کیا ہے، ایک انگریز جنرلسٹ نے بیان کیا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانوں کو ذلت سے نکال کر ایک خدا کے سامنے جھکنے کا درس دے کر انسانوں کو معزز بنا دیا ، اور ذات پات ، رنگ و نسل کے امتیاز کو محمد نے ختم کر کے ایک آدم کی اولاد اور ساری مخلوق کو اللہ کا کنبہ بتایا ، اور مساوات کی تعلیم دے کر اونچ نیچ بھید بھاؤ کا تصور ختم کیا۔

وہیں خطیب ہردل عزیز مولانا امین بہرائچی نے کہا : آج ہم لوگ رسول اللہ کے طریقے کو چھوڑ کر دنیا کی تمام برائیوں میں ملوث ہیں جبکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع و پیروی ہی کامیابی کی ضمانت ہے ، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا اخلاق و کردار قیامت تک دنیا کے تمام انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے،جب تک مسلمان تعلیمات رسول پر مضبوطی کے ساتھ عمل کرتے رہے تو کامیاب وکامران رہے مگر جیسے جیسے نبوی طریقے سے دور ہوتے گئے ذلت و ناکامی مقدر بن گئی، قاری محمد زید فرقانی کے زیر نگرانی منعقدہ اجلاس میں طلبہ اور طالبات نے اپنا دلچسپ پروگرام پیش کیا ، اور خوب انعام و اکرام حاصل کیا، اور بچوں کے استاذ قاری محمد زید فرقانی کی محنتوں اور کوششوں کو بھی خوب سراہا گیا ، اور علاقے کے بچوں کی تعلیم وتربیت کے تعلق سے ان کی جدوجہد کی خوب ستائش کی گئی۔

پروگرام کا آغاز قاری محمد زید فرقانی کی خوبصورت لب و لہجے میں تلاوت کلام اللہ اور قاری عبدالحلیم کی نعت پاک سے ہوا ، دیر رات تک کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئے۔ پروگرام میں گاؤں اور قرب و جوار سے کافی تعداد میں مردوں اور باپردہ عورتوں نے شریک ہو کر ذکر مصطفی ﷺ کو سماعت کیا ، آخر میں قاری محمد زید فرقانی نے سبھی مہمانوں ، علماء کرام اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے