ظہیرآباد 7 / نومبر (غلام مصطفٰی محصولدار): ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے 6 / نومبر سے ذات پات پر مبنی جامع سروے کا آغاز ہوچکا ہے۔ جس میں سرکاری ملازمین گھر گھر پہنچ کر سماجی معاشی، تعلیمی سیاسی پسماندگی کا سروے کریں گے۔ کل شام بعد نماز مغرب اسلامک سنٹر ظہیرآباد میں محمد ایوب احمد صدر ایم پی جے یونٹ کی صدارت میں ایک خصوصی نشست کا انعقاد عمل میں آیا جہاں ذات پات جامع سروے پروفارما کو اردو ترجمہ کی کاپی کے ذریعہ تفہیم کرتے اندراجات کی نشاندہی کی گئی۔ جس میں خصوصی طورپر نام کا صحیح اندراج کروانے کے علاوہ مذہب، جنس، ذات پات کے کالم میں بی سی ای درج کرنے پر زور دیا گیا۔ بعدازاں صحافتی بیان میں کہا گیا کہ ملت کے ہر فرد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو اس مردم شُماری کی آگاہی فراہم کریں اور اپنا بھرپور حصّہ ادا کرتے ہوئے رہنمائی کے ذریعہ مسلم خاندان کے تمام افراد کی تفصیلات کا اندراج کروائیں۔ اس پروگرام میں ایم پی جے یونٹ کے ممبران موجود تھے ۔
