اسلامی تعلیم اور عمدہ تربیت سے ہی صالح معاشرہ کی تشکیل ہوتی ہے۔

آرہ (پریس ریلیز): ٨؍دسمبر:مدرسہ احمدیہ سلفیہ کے زیر اہتمام ندوۃ الطلبہ کا۳۲؍ واںسالانہ تقریری اجلاس فضیلت مآب محترم جناب ڈاکٹر عبدالرحمن لیثی مدنی استاذ جامعہ اسلامیہ خیرالعلوم ڈومریا گنج کی صدارت میں منعقد ہواجس میں انہوں نے کہاکہ: اس قدیم تاریخی ادارہ میں میری شرکت ہوئی اسلاف کی یاد یں آنے لگیں، علامہ حافظ ابو محمد ابراہیم آروی رحمۃ اللہ علیہ کی حسن نیت سے آج بھی یہ ادارہ قائم ہے ، ضرورت ہے کہ ہمارے طلبہ اور اساتذہ اپنی زندگی غنیمت سمجھیں ہر قدم پر تقوی اختیار کریں ، عوام الناس آپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ وحدہ لاشریک لہ کی خلاف ورزی سے بچیں اور اپنے ایمان وعقیدہ کی حفاظت فرمائیں جن پر اعمال صالحہ کی قبولیت کا انحصار ہے اللہ تعالیٰ سب مسلمانوں کی حفاظت فرمائے آمین۔
مہمانانِ خصوصی مولانا فخر الدین ندوی استاذ جامعہ اسلامیہ خیرالعلوم ڈومریا گنج ، سدھارتھ نگر نے فرمایا مجھے اس پروگرام میں شامل ہوکر بڑی خوشی ہوئی! عزیز طلبہ آپ اجتماع عمدہ تعلیم و تربیت کے لئے ہے اخلاص نیت کے ساتھ تعلیم جاری رکھیں ، ہر میدان میں محنت کی ضرورت پڑتی ہے ، اسلامی شعائر کی پابندی کریں ، اساتذہ کا احترام کریں اور موبائل کے مضر اثرات سے اجتناب کریں۔
مولانا دل محمد سلفی صاحب نے فرمایا کہ کائنات کی موجودہ چیزوں کا خالق اللہ تبارک وتعالیٰ ہے ہماری نفع ونقصان کا بہتر علم اللہ ہی کو ہے جن میں انسانوں کا نقصان ہے اللہ نے انہیں حرام کیا ہے ،دنیا کے تمام مذاہب پر اللہ نے دین اسلام کو تفوق فرمائی ہے ،اسلام امن و شانتی کا متقاضی ہے ۔ ضرورت ہے کہ اسلام کی خوبیاں لوگوں کے درمیان میں رکھی جائیں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک ہندوستان کی حفاظت فرمائے اور اس ادارہ کو ترقی بخشے ۔
ڈاکٹر سراج اللہ تیمی نے فرمایا آج کے دور میں مسابقات کی بڑی اہمیت ہے آپ نے حدیث نبویﷺ کی روشنی میں واضح کیا اور طلبہ کے متنوع عناوین پر مختلف زبانوں میں اصلاحی تقریر پیش کئے جانے پر مدرسہ کے ناظم اعلیٰ ، مساعد ناظم ، رئیس المدرسہ اور تمام ذمہ داران مدرسہ کو مبارکباد دیتے ہوئے طلبہ سے خطاب کیا کہ طلبہ فخر وتکبر سے احتراز کریں اور گارجین حضرات اپنے بچوں کو اس مدرسہ کی عمدہ تعلیم سے آراستہ کریں۔
مولانا کمال الدین فیضی صاحب صدر مدرس مدرسہ نے اس اجلاس کی نظامت کی،تلاوت قرآن مجید ،حمد و نعت کے بعد صدر اجلاس کی خدمت میں سپاس نامہ مولانا محمد انور حسین سلفی نے پیش کیا ، مہمانانِ خصوصی مولانا فخر الدین ندوی استاذ جامعہ اسلامیہ خیرالعلوم ڈومریا گنج ، سدھارتھ نگر، مولانا ابوصالح دل محمد سلفی استاذ جامعہ سلفیہ، بنارس ،ڈاکٹر محمد سراج اللہ تیمی وغیرہ کی خدمات میں بھی سپاس نامہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں طلبہ نے مختلف زبان ہندی، اردو، انگریزی، بھوجپوری اور عربی میں اصلاحی تقاریر اور ایک دلچسپ مکالمہ بھی پیش کیا۔
پروگرام کے اخیر میں ناظم اعلیٰ جناب انور علی آروی صاحب نے فرمایا: طلبہ نفع بخش علم کے حصول کی کوشش کریں ہمارے پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی بعثت کا مقصد ہی یہ تھا کہ آپ کتاب اور حکمت کی تعلیم دیں،آپ کایہ ادارہ ہمارے اسلاف کرام کی یادگار یونیورسٹی ہے ، آپ نے اصحابِ خیر کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا ادارہ کی ترقی اللہ تعالیٰ کی توفیق کے بعد آپ مخیر حضرات کے حسن تعاون کا ثمرہ ہے، میرا عزم ہے کہ تعلیم نسواں کا انتظام کیا جائے۔ آپ نے تمام اراکین مدرسہ، باشندگانِ آرہ ، پٹنہ، یوپی، بنگال، بہارو جھارکھنڈ سے تشریف لائے ہوئے سبھی مہمانانِ خصوصی کے تعاون پر مبارکباد پیش کیا۔
ندوۃ الطلبہ کے اختتامی اجلاس میں تقاریر پیش کرنے والے کامیاب طلبہ اور مدرسہ کی جانب سے منعقد کئے گئے مسابقات، قرأت، حفظ حدیث ،تفسیر عقیدہ میں حصہ لینے والوں کو قیمتی انعامات اور سندوں سے نوازا گیا۔ ساتھ ہی مدرسہ کے شعبہ حفظ کے تینوں زمروں کے طلبہ کا آٹھواں مسابقۂ حفظ قرآن میں اول، دوم، سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ انعامات اور توصیفی سندوں سے نوازے گئے۔ پھر دعائوں پر مجلس اختتام کو پہونچی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے