بیدر۔ 15؍ڈسمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): شعبہ اردو بی وی بھوم ریڈی ڈگری کالج بیدر کے زیر اہتمام یومِ اقبال کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا اس جلسہ کے مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد سمیع الدین،اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو، سیکیاب اے آر ایس انعامدار ڈگری کالج برائے خواتین وجئیپور نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو ہندوستان کی زبان ہے اور اس زبان کا تعلق سنسکرت سے زیادہ رہا اور اس زبان کے فروغ میں غیر مسلم شعراء و ادباء کا اہم کردار رہا ہے۔ اردو مسلمانوں کی زبان نہیں ہے بلکہ ہر فرد کی زبان ہے جو اس کو استعمال کرتا ہے، اس زبان کو مسلمانوں سے جوڑنا درست نہیں ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کی پیدائش کے موقع پر یوم اردو یا یوم اقبال منایا جاتا ہے۔ علامہ اقبال کے متعلق یہ غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ وہ صرف مسلمانوں کے شاعر ہیں یہ غلط ہے علامہ اقبال نے شری رام، سوامی رام تیرتھ، گرو نانک، شیکسپیئر وغیرہ پر بہترین نظمیں تخلیق کیے ہیں علامہ اقبال شری رام چندر جی سے بے حد متاثر تھے بلکہ ان کو وہ امام الہند کہتے تھے۔ اسی طرح وہ سوامی رام تیرتھ سے بھی بے حد متاثر تھے، علامہ اقبال نے وطن پرستی کے راگ الاپے اور فلسفہ خودی کو پیش کر کے نو جوانوں میں خودی کے مفہوم سے آگاہ کیا اور ہندوستان کی آزادی کے لئے اہم رول نبھایا، اور ان کی پوری شاعری قومی یکجہتی کی بہترین مثال ہے۔
اس موقع پر کالج کے وائس پرنسپل پروفیسر انیل کمار آندورے نے علامہ اقبال کا ترانہ سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا کے اشعار پیش کر کے یہ کہا کہ علامہ اقبال کو ہندوستان سے بے انتہا محبت تھی اور اپنی شاعری میں انہوں نے والدین کی عظمت کو بھی اجاگر کیا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ ان کے کلام کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں، اس جلسہ کے صدر ڈاکٹر میجر پی ویٹھل ریڈی پرنسپل بی وی بھوم ریڈی ڈگری کالج بیدر نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ علامہ اقبال ایک پیامی شاعر ہیں اور ان کی شاعری نوجوانوں کے لئے بے حد کارآمد ہے۔

