ظہیرآباد۔ 31 / ڈسمبر ( مشرقی آوازجدید): جماعت اسلامی ہند ظہیرآباد کے معاون امیر مقامی محمد معین الدین نے بتایا کہ کل دوپہر اسلامک سنٹر ظہیر آباد میں گرلز اسلامک آرگنائزیشن جی آئی او میقات 2025 کے لئے محمد ناظم الدین غوری امیر مقامی کی زیر نگرانی انتخابی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ممبرس کی اکثریتی رائے سے بہن حذیفہ افنان کو بحیثیت مقامی یونٹ صدر منتخب کیا گیا جبکہ سیکرٹری یونٹ کی حیثیت سے بہن سیدہ سعدیہ تمکین کا انتخاب عمل میں آیا اور ساتھ ہی کیمپس سیکریٹری کی حیثیت سے افشاں بیگم اور میڈیا سیکرٹری کی حیثیت سے طوبیٰ ارم اور دعوہ کوآرڈینیٹر سیدہ آمینہ ثمرین کو منتخب کیا گیا۔ قبل ازیں انتخابی مبصر محمد معین الدین معاون امیر مقامی نے انتخابی طریقہ کار اور مطلوبہ صفات کو پیش کیا اور سابق سیکریٹری اسریٰ ماہین نے 2024 کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ منتخب نمائندوں نے بہترین کارکردگی انجام دینے کا عزم کیا جبکہ ممبرس جی آئی او نے بھرپور ساتھ دینے کا عزم کیا۔ جنرل امیر مقامی محمد ناظم الدین غوری نے گذشتہ میقات کی اچھی کارکردگی کی سراہنا کی اور کہا کہ جی آئی او طالبات اور نوجوان خواتین کے لئے ایک نعمت سے کم نہیں ہے اس پلیٹ فارم کے ذریعے سے نوجوان خواتین وطالبات کی ہمہ گیر تربیت ہوتی ہے اس تنظیم سے وابستگی سے اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کا موقع ملتا ہے جی آئی او طالبات کے مقصد کے تعین میں ایمان کی تقویت میں اصلاح نفس میں شخصیت کے ارتقاء میں تعلیمی ترقی میں صلاحیتوں کے نکھار میں بھرپور تعاون کرتی ہے انہوں نے جی آئی او کے منتخب ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی اور استقامت کی دعا بھی کی انہوں نے اساتذہ اور والدین سے پرخلوص خواہش کی کہ وہ اپنی لڑکیوں کو اس بامقصد تنظیم سے جوڑیں۔
اس اجلاس کا آغاز سیدہ ادیبہ نوشین کی تلاوت قران و ترجمانی سے ہوا جی آئی او کی سابق صدر طوبیٰ ارم نے اظہار تشکر کیا اور نو منتخب ٹیم کا بھر پور تعاون کا تیقن دیا افشاں بیگم نے نظامت کی اور دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔۔۔
