بیدر۔ 5؍جنوری (محمدیوسف رحیم بیدری کی رپورٹ): ساوتری کٹنلی بنت بسپا اردو میڈیم کی طالبہ ہیں۔باگل کوٹ ضلع کے تعلقہ ہندگونڈ کے رکسگی (Rakkasagi) کی رہنے والی ہیں۔ رائچور یونیورسٹی رائچور سے محترمہ ساوتری کٹنلی نے اردو سے ایم اے کرتے ہوئے فرسٹ پوزیشن حاصل کی ہے۔ان کے علاوہ دیگر اردو طلبہ فرسٹ پوزیشن حاصل کرنے سے محروم ہیں۔ ساوتری کٹنلی کو گولڈ میڈل ملنا طئے ہے۔ جب سالانہ کانوکیشن ہوگا تب یونیورسٹی ساوتری کٹنلی کو گولڈ میڈل دے گی ۔
طالبہ ساوتری نے بتایاکہ ان کی ابتداء سے ہی تعلیم اردو میڈیم سے ہوئی ہے۔ اردو میڈیم میں پڑھنے کی خاص وجہ اس کے علاوہ اور کچھ نہیں تھی کہ اردو میڈیم اسکول قریب تھا، لہٰذا اسی اسکول میں ماں نے داخلہ دلوایا۔ بعدازاں الکل انجمن اسکول میں تعلیم حاصل کی۔ ساوتری نے بتایاکہ وہی نہیں بلکہ ان کی ایک بہن بھی اردو اسکول کی صدر معلمہ ہیں۔ 2007 کو ان کا اسکول ٹیچرکی حیثیت سے تقررہوا۔ وہ رائچور کے مانوی تعلقہ کے ایک اردو ہائیرپرائمری اسکول (اول تا ہفتم) کی پرموٹیڈ صدر معلمہ ہیں۔ والدہ ناگوّاکے بارے میں بتایاکہ 2022 میں وہ اس دنیا سے گزر گئیں۔ ساوتری کٹنلی کی لائف کاسبق یہی ہے کہ وطنی بہنیں بھی اردو میں تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ اردو کسی طبقہ تک محدود نہیں تھی ۔ آئندہ بھی محدود نہیں رہناچاہیے۔
طالبہ ساوتری کٹنلی سے 7337845389 پر مبارک باد دینے کے لئے رابطہ کیاجاسکتاہے۔
