بیدر۔ 6؍جنوری (محمدیوسف رحیم بیدری): بیدر ضلع میں قدرتی آفت کے باعث کسانوں کو بہت سے مسائل درپیش ہیں، تور کی فصل مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے جس کا جلد از جلد حل فراہم کیا جائے۔ تورکی فصل ہر کنٹل پرمرکزی حکومت 7550روپئے دے رہی ہے۔ ریاستی حکومت تورکی فصل کو فی کنٹل سبسیڈی کی شکل میں 4500روپئے ،اس طرح جملہ 12050روپئے تور پر دینا چاہیے۔ سویابین ان لوگوں سے خریدی جائے جو ضلع کے خریداری مراکز میں رجسٹرڈ ہیں، جن کاشتکاروں نے اڑد، سویا، تورکی فصل کابیمہ لیا ہے،ان کی فصلوںکے نقصان کی وجہ سے جلد از جلد فصل بیمہ ادا کریں۔ کسانوں کی مالی حالت کو بہتر بنانے کے لیے ڈی سی سی بینکوں کو چاہیے کہ وہ آنے والے دنوں میں ضلع کے تمام پی کے پی ایس میں کاشتکاروں کو پرچیزنگ سنٹر لازمی طور پر شروع کریں۔ تمام مسائل کو جلد از جلد حل کرنے اور کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنربیدر کے توسط سے رعیت سنگھ نے وزیر اعلیٰ کرناٹک کو ایک درخواست پیش کی ۔اس موقع پر ضلع صدر سدرامپا انڑدورے، ضلع کارگزار صدر سریمنت برادار، ضلع جنرل سکریٹری دیانند سوامی سرسی، سبھاش رگٹے، بابوراو جوڑدابکے، شنکرپا پارا، سدرامپا بالکندے، پروین کلکرنی، ناگیا سوامی، بسونت ڈونگرگا، بسپاآلورے ،شیوانند ہڈگے وغیرہ موجودتھے۔ اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی گئی ہے۔
